• news

سرگودھا: تحریک انصاف کے کارکنوں نے جلسے کیلئے سپورٹس سٹیڈیم کی دیوار اور گیٹ توڑ ڈالے

سرگودہا (نامہ نگار) تحریک انصاف کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ تحریک انصاف کے کارکنوں نے سرگودھا سپورٹس سٹیڈیم کی ایک دیوار بمع گیٹ توڑ دی ہے۔کارکنوں کاکہنا ہے کہ یہ دیوار کنٹینرز کی آمد اور جلسہ گاہ سے لوگوں کے حفاظت سے انخلاء کیلئے توڑی گئی ہے اور تحریک انصاف نے ڈی سی او سے معاہدے میں یہ ذمہ داری قبول کی ہے کہ سٹیڈیم کی تمام دیواریں اور سٹیڈیم اصل حالت میں لوٹائیں گے۔ ڈی سی او سرگودہا نے تحریک انصاف کے راہنمائوں سے 32 شرائط منوانے کے بعد انہیں جلسے کیلئے این او سی جاری کیا ہے ڈی سی او سرگودہا ثاقب منان کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کا دعویٰ ہے کہ 3 لاکھ افراد جلسہ میں آئیں گے جبکہ سٹیڈیم کی کل گنجائش پچاس ہزار کے لگ بھگ ہے سپورٹس سٹیڈیم اس جلسے کیلئے ہرگز مناسب جگہ نہیں ہے۔ ڈی سی او کا کہنا تھا کہ میں نے بار بار انہیں لاہور روڈ پر جلسہ کرنے کیلئے قائل کرنے کی کوشش کی لیکن تحریک انصاف نے بضد ہو کر بار بار سٹیڈیم میں جلسے کی درخواست کی جس پر مجبور ہو کر میں نے انہیں این او سی جاری کر دیا ہے۔ تحریک انصاف نے وعدہ کیا ہے وہ سٹیڈیم میں تمام توڑ پھوڑ ٹھیک کرا کر دیں گے۔ جلسے میں آئینی اداروں عدلیہ کے خلاف کوئی تقریر یا نعرے بازی نہیں کریں گے اور کسی مذہبی جماعت کے جذبات کو ٹھیس پہنچانے والی بھی کوئی بات نہیں کی جائے گی جبکہ قائمقام ڈی پی او سرگودھا ممتاز دیو کا کہنا تھا جلسے کیلئے ایک ہزار پولیس اہلکار سکیورٹی ڈیوٹی پر مامور ہوں گے جبکہ سکیورٹی بہتر بنانے کیلئے واک تھرو گیٹس نصب کئے جائیں گے۔ تحریک انصاف کے راہنما حسن پراچہ کا کہنا ہے کہ پنڈال کے اندر انتظامیہ کی مدد کیلئے تحریک انصاف پانچ سو رضا کار فراہم کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن