دسمبر میں بلدیاتی الیکشن کرانے پر تیار ہیں: پنجاب حکومت
لاہور (ساجد ضیا / نیشن رپورٹ) مشکل سیاسی ماحول کے باوجود پنجاب حکومت کا کہنا ہے کہ وہ دسمبر میں بلدیاتی الیکشن کرانے پر تیار ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں اور اب یہ الیکشن کمشن پر منحصر ہے کہ وہ ضروری انتظامات کب مکمل کرتا ہے۔ واضح رہے پنجاب میں لوکل باڈیز الیکشن 7 برسوں سے التوا میں ہیں اور سپریم کورٹ کے بار بار احکامات کے باوجود منعقد نہیں کرائے گئے۔ اس حوالے سے صوبائی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات رانا ارشد نے کہا کہ آئندہ لوکل باڈیز الیکشن پارٹی بنیادوں پر ہوں گے اور انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن دسمبر میں ہونے کے حوالے سے وہ کافی پرامید ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں اور نئی فہرستوں کا معاملہ حل ہونے میں زیادہ وقت نہیں لگے گا۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات عدلیہ کی نگرانی میں ہوں گے یا نہیں، یہ چیف جسٹس آف پاکستان کی مرضی پر منحصر ہے۔