• news

نئے پاکستان کی بات کرنیوالے پہلے نیا خیبرپی کے بنا کر دکھائیں: نوازشریف

اوچ شریف+ بہاولپور (نامہ نگار+ خبرنگار+ نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ائیرکنڈیشنڈ کنٹینرز اور محلات میں بیٹھ کر غریبوں کی بات کرنا جچتا نہیں، میں منافق نہیں، عوام کی خدمت عبادت سمجھ کررہے ہیں،  قوم کا درد ہے تو دھرنے والے منفی سیاست کو چھوڑ کر ہمارے ساتھ ملکر عوام کی خدمت کریں،  کروڑوں لوگوں کے ووٹ سے وزیراعظم بنا،  ہزاروں کے کہنے پر کیسے استعفیٰ دیدوں ؟ چند سیاست دان ملک کی ترقی نہیں چاہتے،  اللہ نے چاہا تو حکومت پانچ برس عوام کی خدمت کریگی اور ان 5برس کی مثال تاریخ میں نہیں ملے گی۔ نیا پاکستان بنانے کے نعرے لگانے والے پہلے نیا خیبر پی کے تو بنائیں، ٹانگیں کھینچنے والے بے شمار ہیں،  اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے پاکستان مسائل سے باہر نکل رہا ہے آنے والا وقت اچھا ہوگا، 1999ء میں میری چھٹی کرانے کے بعد ایک سڑک بھی نہیں بن سکی،  سیاست کیلئے جھوٹ نہیں بولتا، لوڈشیڈنگ کا بحران ایک یا دوسال میں ختم ہونے والا نہیں،  ہم غلطیاں کر سکتے ہیں، لیکن  ہمارے دل میں کھوٹ نہیں،  توانائی بحران کا خاتمہ کر کے رہیں گے،  احتیاط سے بات کررہا ہوں، ہم چھکے چوکے مارنے کی عمر سے نکل آئے ہیں،  آج چھکے چوکے لگانے والے بائونڈری پر کیچ آئوٹ ہورہے ہیں،  ایسے کھیلتے رہے تو آگے بھی کیچ آئوٹ ہونگے،  سوچ سمجھ کر چھکے اور چوکے لگانے چاہئیں۔ سیلاب متاثرین سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہاکہ میں یہاں مصیبت زدہ لوگوں سے ملنے آیا ہوں۔ وزیراعظم نے کہاکہ میں ان مصیبت زدہ اور مشکلات میں گھرے بھائیوں کو داد دیتا ہوں جن کے حوصلے بلند ہیں۔ اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھوں گا جب تک متاثرین دوبارہ آباد نہیں ہو جاتے میرا ضمیر کہتا ہے کہ میں دن رات متاثرین کے ساتھ رہوں ان کی خدمت اور مدد کروں۔ وزیراعظم نے کہاکہ یہ متاثرین پر کوئی احسان نہیں یہ میرا فرض ہے۔ انہوں نے کہاکہ دھرنے والے بات غریبوں کی کرتے ہیں اور اسلام آباد میں ائیر کنڈیشنز کنٹینرز اور محلات میں بیٹھے ہیں یہ بات ان پر جچتی نہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ دھرنے والے آئیں غریبوں کا حال پوچھیں ان کے ساتھ بیٹھیں اور ان کی خدمت کریں اس کے بعد میرے ساتھ بیٹھیں مجھے بتائیں ہم ملکر خدمت کریں۔ عوام کی خدمت عبادت سمجھ کر کررہا ہوں، منافق نہیں ہوں جو بات دل میں ہو وہی منہ سے نکلتی ہے میں ایسا آدمی نہیں کہ دل میں کچھ اور منہ میں کچھ ہو۔ پارلیمنٹ نے انتہائی مثبت کر دار ادا کیا ہے، دھرنے والے نہیں چاہتے کہ ملک ترقی کرے، یہ صرف نواز شریف کا استعفیٰ چاہتے ہیں مجھے کروڑوں لوگوں نے ووٹ دیا پانچ،  دس ہزار لوگوں کو استعفیٰ کیوں دوں؟ ایک کروڑ 60لوگوں نے مسلم لیگ (ن)کو ووٹ دیا ہے استعفے لینے کیلئے کروڑوں لوگ نہیں آئے۔ انہوں نے دھرنے والوں سے کہاکہ وہ اللہ تعالیٰ سے معافی مانگیں اور ملک کی ترقی میں شامل ہو جائیں۔ انہوں نے کہاکہ دھرنے والے منفی سیاست چھوڑیں منفی سیاست نے پاکستان کو بہت نقصان پہنچایا۔ خیبر پی کے حالات اتنے خراب ہیں جس کی تاریخ ماضی میں نہیں ملتی۔ وزیراعظم نے کہاکہ دھرنے والوں نے قیمتی وقت ضائع کیا ہے، اس سے سرمایہ کاری کو دھچکا لگا، وزیراعظم نے کہاکہ متاثرین کو پہلی 25ہزار روپے کی قسط مل چکی ہے، پانچ فیصد لوگ ایسے ہیں جن کو نہیں ملی وہ بھی جلد مل جائیگی۔20اکتوبر کو دوسری قسط جاری کی جائیگی، فصلوں کا سروے بھی کیا جارہا ہے تاکہ متاثرین کو معاوضہ دیا جائے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ بہاولپور میں 100میگاواٹ سولر پراجیکٹ پر کام ہورہا ہے اسے مزید بڑھایا جائیگا اس سے بہاولپور کو نہیں پورے خطے کو بجلی ملے گی اسے 1000میگا واٹ تک بڑھایا جائیگا۔ وزیراعظم نے کہاکہ میری خواہش ہے کہ کاشتکاروں کی مدد کی جائے، کھاد اور تیل سستا فراہم کئے جائیں۔ سیاست کیلئے جھوٹ نہیں بولنا چاہیے اور نہ ہی میں سیاست کیلئے جھوٹ بولتا ہوں مجھے سیاست سے زیادہ اپنی عاقبت، اصول عزیز ہیں، ہمارے پاس وسائل کم ہیں، خزانہ خالی ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہم نے بڑے بڑے منصوبے بنانے ہیں، تربیلا اور منگلا کے طرح داسو اور بھاشا ڈیم بنا رہے ہیں، دونوں ڈیموں سے 9000ہزار میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ یہاں کے رکن قومی اسمبلی علی گیلانی نے کہاکہ 300دیہاتوں کو بجلی ملنی چاہئے میں کہتا ہوں کہ تین ہزار دیہاتوں کو بجلی ملنی چاہئے۔ انہوںنے کہاکہ ہم پاکستان سے قتل و غارت اور لاقانونیت کا خاتمہ چاہتے ہیں، کسانوں کا پانی روکنے والوں کا خاتمہ چاہتے ہیں وزیر اعظم نے اوچ شریف سے احمد پور شرقیہ تک دو رویہ سڑک بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ علاقے میں گرلز کالج بھی بنایا جائیگا۔ استعفیٰ مانگنے والوں پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اب یہ کھیل نہیں چلے گا۔ بہاولپور سے نامہ نگار کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ ایک دوسرے کی ٹانگیں کھینچنے کا کھیل اب پاکستان میں نہیں چلے گا اب میں چھکے چوکے مارنے کی عمر سے باہر نکل آیا ہوں لیکن کچھ لوگ چھکے چوکے مارنے کی کوشش کرتے ہیں اور بائونڈری پر کیچ آئوٹ ہو جاتے ہیں۔ میرا استعفیٰ مانگنے والے اتنے لوگ تو دھرنے میں لے کر آئیں جتنے لوگوں  نے مجھے ووٹ دئیے ہیں۔ آن لائن کے مطابق نوازشریف نے کہاکہ حکومت ملک میں حقیقی تبدیلی لے کر آئے گی، عوام کی خدمت کرکے ان کی توقعات پوری کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم سے غلطیاں ہو سکتی ہے، لوٹ کھسوٹ نہیں۔

ای پیپر-دی نیشن