سعید اجمل کی کمی محسوس ہو گی آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھا پرفارم کریں گے: وقار یونس
شارجہ (اے ایف پی) قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈکوچ وقار یونس نے کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کیخلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھا پرفارم کرے گی۔ ٹیسٹ کرکٹ مختلف ہوتی ہے اور تجربہ کار یونس خان اور اظہرعلی کے آنے سے کارکردگی میں فرق پڑے گا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ آسٹریلوی ٹیم بہت مشکل ہے اور ان کو ہرانا بھی مشکل ہے۔ وہ نمبر ون ٹیم اور ان کا سسٹم بھی بہت اچھا ہے۔ سعید اجمل کی غیر موجودگی میں بہت بڑا خلاف پیدا ہوا ہے۔ تھوڑا وقت لگے گا مگر سعید اجمل کی واپسی ضرور ہو گی۔ مجھے یقین ہے کہ نئے نوجوان کھلاڑی بھی اچھا پرفارم کریں گے۔ ایک دو میچ جیت سکتے تھے مگر اچھا اختتام نہ ہونے پر مایوسی ہوئی ہے کیونکہ کھلاڑی ابھی ناتجربہ کار تھے، ہمیں اعلیٰ قسم کی کارکردگی دکھانا ہو گی۔ نوجوانوں سے بہت خوش بھی ہوں، اچھی ٹیم تیار ہو رہی ہے مگر ابھی نکھرنے میں وقت لگے گا۔ سیریز سے قبل محمد حفیظ، وہاب ریاض، جنید خان کے ان فٹ ہونے سے بھی نقصان ہوا ہے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز اور ورلڈکپ تک اچھا کمبی نیشن بنانے میں تیار ہو جائیں گے۔