• news

سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ: بھارت نے پاکستان 6-0 سے شکست دیدی، برطانیہ نے ملائیشیا کو ہرا دیا

جوہربارو( سپورٹس ڈیسک) ملائیشیا  میں جاری سلطان آف جوہر انڈر21 ہاکی ٹورنامنٹ کے میچ میں بھارت نے پاکستان کوصفر کے مقابلے میں6 گول سے شکست دیدی۔ بھارتی ٹیم کھیل کے آغاز سے ہی چھائی رہی اور اختتام تک پاکستانی کھلاڑیوں کو بے بس کئے رکھا۔ بھارت نے پہلا گول کھیل کے15ویں منٹ میں کیا جس سے پاکستانی ٹیم دبائو میں پڑ گئی۔ 21 ویں منٹ میں پنلٹی کارنر پر دوسراگول ہوا۔ گول کیپر نے پہلے یہ گول بچایا تاہم دوبارہ وہ سنبھل نہ سکے اور گول ہوگیا۔ 34ویں منٹ میں تیسرا،49 ویں میں چوتھا،53 ویں منٹ میں پانچواں اور67 ویں منٹ میں چھٹا گول سکور کیا۔ ارمان قریشی نے2گول کئے جبکہ بھارت چھ صفر سے کامیاب رہا۔ بھارتی کوچ ہریندرسنگھ نے کہا کہ پاکستان کیخلاف فتح اچھی ہے مگر ابھی بھی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ مجھے بے حد خوشی ہے کھلاڑیوں اور انتظامیہ نے جذبات پر قابو رکھا ہے۔ کامیابی کا سہرا کھلاڑیوں کو دیتا ہوں۔ انہوں نے بہتر کھیل پیش کیا اور گیند پر قابو رکھا۔ آغاز سے حکمت عملی کامیاب رہی اور یہی اچھے کھیل کی نشانی ہے۔ برطانیہ اور آسٹریلیا کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچ جیت لئے۔ برطانوی ٹیم مسلسل تین میچ جیت کر ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے۔ں آسٹریلوی ٹیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3 کے مقابلے میں 4 گول سے ہرا کر ایونٹ میں کم بیک کیا۔ ایک اور میچ میں برطانیہ نے میزبان ملائیشیا کو سخت مقابلے کے بعد دو کے مقابلے میں تین گول سے زیر کر کے مسلسل تیسری کامیابی حاصل کی۔

ای پیپر-دی نیشن