پاکستان ہاکی فیڈریشن کا یوٹرن ،24 گھنٹے میں شکیل عباسی کو لیگ کھیلنے کا این او سی جاری
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن 24 گھنٹے بھی اپنے فیصلے پر قائم نہ رہ سکی اور اعلان کردہ تین کھلاڑیوں میں سے ایک سابق کپتان شکیل عباسی کو ملائیشین ہاکی لیگ کے لئے این او سی جاری کر دیا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری رانا مجاہد نے اس بات کا اعلان کیا تھا کہ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی کی سفارش پر تین کھلاڑی شکیل عباسی، فرید احمد اور عبد الحسیم خان کو چیمپئنز ٹرافی کے کیمپ سمیت ملائیشین ہاکی لیگ کے لئے این او سی جاری نہیں کیا جا رہا ہے۔ اگلے ہی روز پاکستان ہاکی فیڈریشن نے چیف کوچ شہناز شیخ کی سفارش پر ایک کھلاڑی کو ملائیشیا میں منعقد ہونے والی لیگ ہاکی کے لئے این او سی جاری کر دیا۔ سابق کپتان شکیل عباسی سے رابطہ کیا گیا تہ ان کا کہنا تھا کہ ہم تینوں کھلاڑیوں کو چیمپئنز ٹرافی سے ڈراپ نہیں کیا گیا ہے بلکہ ٹیم مینجمنٹ اولمپک 2016ء کے اگلے سال ہونے والے کوالیفائی راونڈ کے لئے چیمپئنز ٹرافی میں نئے کھلاڑیوں کو آزمانا چاہتی ہے جس کی بناء پر ہمیں ریسٹ دیا گیا ہے۔ پاکستان ہاکی کو جب بھی ہماری ضرورت ہوگی ہم ملک و قوم کے لئے ہر وقت دستیاب ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب ہمیں چیمپئنز ٹرافی کے لئے کیمپ میں نہیں بلایا گیا ہے ایسے میں ملائیشین ہاکی لیگ کے لئے این او سی جاری کرنے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا مشکور ہوں۔