• news

شکست تسلیم کرتا ہوں، عامر ڈوگر کو جیت کی مبارکباد، ثابت ہو گیا تبدیلی کنٹینرز سے نہیں ووٹ سے آتی ہے: جاوید ہاشمی

ملتان (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے کہا ہے کہ ابتدا سے ہی میری توقع کے مطابق نتائج نہیں آ رہے تھے، عامر ڈوگر جیت گئے ہیں میں ان کو دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور اپنی شکست تسلیم کرتا ہوں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں مسلم لیگ کا شکرگزار ہوں۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران مجھ سے زیادہ محنت کی اور ایک ایک آدمی کو منایا، الیکشن سے پہلے ہی بتا دیا تھا کہ میں مسلم لیگ ن میں شامل نہیں ہوں گا، ابھی تک اپنی بات پر قائم بھی ہوں۔ ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کو مجھ سے بہت گلے تھے، اس پر بھی بہت وقت لگا مگر گلے تو دور ہو گئے مگر انتخابی مہم پر وقت نہیں دے سکے، دس دن کی محنت کے بعد اتنے ووٹ حاصل کرنا بڑی کامیابی ہے جبکہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے بھرپور تحریک چلائی گئی، تحریک انصاف کی قیادت کو مجھ پر غصہ تھا کہ ان ہی کے ایک لیڈر نے کیوں ان کی اندر کی باتیں باہر آ کر بتائیں تو انہوں نے میرے خلاف عامر ڈوگر کو بھرپور سپورٹ کیا اور اس کا اثر نظر آیا۔ قبل ازیں جاوید ہاشمی نے ابتدائی نتائج آنے پر کہا تھا کہ عمران خان اور طاہر القادری دھرنوں کے ذریعے وزیراعظم سے استعفیٰ لینے میں ناکام ہو گئے۔ جاوید ہاشمی نے اس موقع پر اعلان کیا کہ اب وہ علاج کیلئے چین جائیں گے۔ جاوید ہاشمی نے کہا کہ یہ واضح ہو گیا کہ تبدیلی کنٹینر کے ذریعے سے نہیں ووٹ سے ہی آ سکتی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن