سپریم کورٹ: غیر قانونی شولڈر پروموشن کیس کے فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیلوں کی سماعت آج دوبارہ شروع ہو گی
اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت ) سپریم کورٹ نے گزشتہ روز غیرقانونی شولڈر پروموشن کے کیس کے عدالتی فیصلے کیخلاف نظرثانی اپیلوں کی سماعت آج (جمعہ) تک ملتوی کر دی۔گزشتہ روز چیف جسٹس ناصرالملک کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی تو بیرسٹر فروغ نسیم نے اپنے دلائل دیئے۔ یاد رہے کہ سابقہ دور میں شولڈر پروموشن کے نام پر من پسند افسران کو نوازے جانے کیخلاف عدالتی کارروائی کے پیش نظر سندھ کی صوبائی حکومت نے افسران کوبچانے کیلئے قانون سازی کر لی تھی جس کوعدالت عظمٰی نے کالعدم قراردیتے ہوئے عدالتی احکامات پرعملدرآمد کی ہدایت کی تھی تاہم عدالتی فیصلے سے صوبہ سندھ سمیت ملک بھرکے سینکڑوں پولیس ودیگر محکموں کے افسران متاثر ہوئے تھے جنہوں نے عدالتی فیصلے کیخلاف اپیلیں دائر کر رکھی ہیں جبکہ سندھ حکومت نے بھی عدالتی فیصلے کے خلاف نظرثانی اپیل دائر کر رکھی ہے۔