• news

کوٹ مومن: مخالفین نے پیشی پر جانیوالے خاندان کے 5 افراد کو قتل کر دیا

بھلوال+کوٹ  مومن + سرگودھا (نامہ نگاران)کوٹ مومن کے نواحی علاقے چک 65جنوبی کے قریب بھلوال روڈ پر دیرینہ عداوت پر مخالفین نے فائرنگ کر کے  ایک ہی خاندان کے 5  افراد  توقیر، اعجاز، غلام حسین، نوید اور ظفر  اقبال کو پیشی پر بھلوال عدالت جاتے ہوئے گھات لگا کر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور فرار ہوگئے ۔ وقوعہ کی اطلاع پر مقتولین کے ورثاء جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور  بھلوال کوٹ مومن  روڈ کو ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بلاک کر کے پولیس کے خلاف احتجاج کیا۔ اطلاع ملنے پر ڈی ایس پی ملک واجد حسین پولیس کی نفری کے ہمراہ پہنچ گئے اور حالات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انھوں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ واقعہ پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ پولیس نے نعشوں کو قبضہ میں لے کر ٹی ایچ کیو ہسپتال  پہنچایا لیکن مشتعل لواحقین نے نعشوں کو اٹھا کر موٹر وے پر رکھ دیا اور ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے مقامی پولیس کے خلاف نعرے بازی  کی اور  موٹر وے کی دونوں سائیڈ کی ٹریفک کو بند کردیا جسکے باعث  اسلام آباد اور لاہور جانے والی گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں ۔قائم مقام ڈی پی او سرگودھا ممتاز دیو موٹر وے پر پہنچ گئے اور مظاہرین سے طویل مذاکرات کئے اور ملزمان کی گرفتاری کی یقین دہانی کرائی جس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کرتے ہوئے کئی گھنٹوں بعد مقتولین کی میتوں کو موٹر وے سے اٹھا لیا جس کے بعد ٹریفک بحال کروادی گئی ہے۔ دریں اثنا  وزیراعلی پنجاب شہباز شریف  نے پانچ افراد  کے قتل کے اس واقعہ  کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ  سے فوری رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان  کی گرفتاری کا حکم دیا ہے۔  مقتولین کا تعلق  جہانخنانہ  فیملی سے تھا۔

ای پیپر-دی نیشن