• news

2 ماہ جلسے پھر آخری چال پتاﺅں گا، ہم نیا خیبر پی کے بنا رہے ہیں، قوم تیار ہو جائے، اگلا سال الیکشن کا ہے: عمران

سرگودھا (نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ) عمران خان نے کہا ہے کہ اگلا سال الیکشن کا ہے، قوم تیار ہو جائے۔ سرگودھا کے سپورٹس سٹیڈیم میں جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ افتخار چودھری اور کیئر ٹیکر حکومت نے الیکشن میں جو دھاندلی کی اس کی صاف شفاف تحقیقات تک چین سے نہیں بیٹھیں گے‘ الیکشن کمشن میں کرپٹ لوگ بیٹھے ہیں جب تک ان سے چھٹکارا نہیں مل جاتا تب تک صاف شفاف الیکشن کی توقع نہیں، پنجاب میں پولیس کے ذریعے تمام کام لئے جاتے ہیں، نندی پور پراجیکٹ صرف 23 ارب کا منصوبہ تھا جو نواز شریف کی حکومت آنے کے بعد 83 ارب کا ہو گیا، ملک میں طاقتور اور کمزوروں کےلئے الگ الگ قانون ہے‘ ملک میں تعلیم کا فروغ تحریک انصاف کا اولین ایجنڈا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 5 ہزار روپے کا ٹیکس ادا کیا تھا جس کے باعث مجھے ان پر ترس آتا ہے کہ وہ ملک کا غریب ترین آدمی ہے، نواز شریف نے اپنے اثاثے کیوں ظاہر نہیں کئے یا آپ ٹیکس بچا رہے ہیں یا یہ کرپشن کا پیسہ ہے‘ میرے بچوں کے نام پر ایک روپیہ بھی نہیں، آپ نے کیوں مختلف کمپنیوں کے نام پر اربوں روپے رکھے ہوئے ہیں یہ جمہوریت نہیں بادشاہت ہے‘ لوڈشیڈنگ ختم نہیں ہو گی گردشی قرضے بڑھتے جا رہے ہیں، میرے گھر کا بجلی کا میٹر کاٹ دیا گیا 480 ارب روپیہ آئی ڈی پی کو ہم سے لیکر دیا گیا، نواز شریف نے پرائم منسٹر ہاﺅس کا 65 لاکھ کا بل دینا ہے لیکن ان کی بجلی نہیں کاٹی گئی، اتفاق فاﺅنڈری کے ذمہ 5 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ اگر حکمران بجلی کی قیمتیں کم کردیں تو بجلی کے نرخ کم ہوجائینگے۔ یہ ہمارے پاس سنہری موقع ہے کہ ہم نیا پاکستان بنائینگے، یہ موقع اللہ نے ہمیں دیا ہے ہمیں اس سے فائدہ اٹھانا چاہئے، نواز شریف اور زرداری حکومت پاکستان میں کر رہے ہیں اور اپنے اربوں روپے کا بیرون ممالک میں کاروبار کر رہے ہیں۔ خواتین میں تعلیم عام کرینگے۔ نہ آئی ایم ایف سے قرضے لیں گے نہ کسی کے سامنے جھکیں گے۔ نئے پاکستان میں تمام نظام بھی نئے ہونگے۔ عمران خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے کارکن اپنے لیڈروں سے پوچھیں کہ ان کے پاس اربوں روپے کی رقم کہاں سے آئی؟ جس پارٹی کی جڑیں عوام میں تھیں کل اس کے امیدوار کی ضمانت ضبط ہو جانا لمحہ فکریہ ہے۔ ملتان کے عوام نے ضمنی انتخاب میں اپنے ضمیر کی آواز پر فیصلہ دیتے ہوئے مک مکا کی سیاست کرنیوالوں کو دفن کر کے ثابت کر دیا ہے کہ اب ملک میں تبدیلی کی لہر چل پڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21 نومبر کو لاڑکانہ آرہا ہوں سندھ میں پیپلز پارٹی کا حال پنجاب جیسا ہی ہوگا وہ وقت دور نہیں جب ملک میں تحریک انصاف کی حکومت ہوگی، نواز شریف صاحب! ہم خیبر پی کے تو نیا بنا رہے ہیں، آپ اور آصف زرداری نے 6 باریاں لی ہیں لیکن ہم نے ایک باری میں ہی خیبر پی کے کو تبدیل کردیا ہے میں آپ کو چیلنج کرتا ہوں کہ میں خیبر پی کے میں اور آپ پنجاب میں الیکشن کرائیں دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائیگا۔ خیبر پی کے میں پولیس کے نظام میں نمایاں تبدیلی لائے ہیں، پولیس کو سیاست سے الگ کر دیا ہے۔ دھاندلی کی تحقیقات ہوئے بغیر نئے الیکشن ہونے کا فائدہ نہیں ہو گا۔ میاں صاحب کا بیٹا 800 کروڑ کے فلیٹ میں رہتا ہے، راولپنڈی میں میٹرو بس 8 ارب کی بنائی جانی تھی لیکن 50 ارب تک تخمینہ جا پہنچا ہے۔ پنجاب میں پٹواری کھلے عام رشوت لے رہے ہیں اور خیبر پی کے میں کوئی پٹواری بھی رشوت لیکر کام نہیں کر رہا۔ صوبے کے قانون کے مطابق جو بھی اقتدار میں ہوگا وہ کاروبار نہیں کر سکے گا۔ خیبر پی کے میں ہر سرکاری افسر کا احتساب ہوتا ہے۔ انہوں نے خطاب کے دوران سانحہ ملتان کے پیش نظر سرگودھا کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھگدڑ نہ مچائیں بلکہ اطمینان کےساتھ جلسہ گاہ سے نکلیں۔ آخر میں عمران خان نے آئندہ جمعہ کو گجرات میں جلسہ کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا ہم نظام کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔ میں مزدوروں، تنخواہ داروں کیلئے، کسانوں کیلئے کھڑا ہوا ہوں۔ جب تک نواز شریف استعفیٰ نہیں دیتا ہم نے اپنا دھرنا ختم نہیں کرنا۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی والے نواز شریف، زرداری سے کیوں نہیں پوچھتے کہ حکومت یہاں کرتے ہیں تو ان کا اربوں روپیہ باہر کیوں پڑا ہے۔ میاں صاحب تو اتنے غریب ہیں کہ اپنی والدہ کے گھر میں کرائے پر رہتے ہیں۔ زرداری بتائیں بغیر کام کئے پیسے کیسے بنائے جاتے ہیں۔ ملتان میں جو ہوا نواز شریف اور آصف زرداری کیلئے بہت بڑا سبق ہے۔ زرداری صاحب ذوالفقار بھٹو کا نام کتنی بار استعمال کرو گے۔ جن لوگوں نے مینڈیٹ چوری کیا ان کو آرٹیکل 6 کے تحت سزائیں دلوانی ہیں۔ جو لوگ کہتے ہیں کہ عمران جمہوریت کیخلاف جلسے کر رہا ہے انہیں جمہوریت لفظ لکھنا نہیں آتا۔ نئے پاکستان میں مدینہ کی ریاست والا عدل و انصاف قائم کریں گے۔ نئے پاکستان میں سب کیلئے ایک قانون ہو گا۔ ایسا بلدیاتی نظام لائیں گے جو آپ کو آزاد کر دے گا۔ لوگ تھانوں سے نہیں ڈریں گے۔ نواز شریف کو اگر ڈیڑھ کروڑ ووٹ پڑا ہے تو مینار پاکستان پر جلسہ کر کے ہی دکھا دیں۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان نے ثابت کر دیا وہ جاگ رہا ہے شاہینوں کا شہر بھی جاگ رہا ہے۔ عمران نے کہا تھا کہ میں ایک گیند سے دو وکٹیں گرا کر دکھاﺅں گا انہوں نے ملتان میں کل ایک گیند سے نواز شریف‘ آصف زرداری کو گرا کر ثابت کر دیا ہے کہ وہ سچے لیڈر ہیں۔ شاہ محمود نے کہا کہ کل کراچی میں ہونیوالے جلسے میں بھی زرداری کو ”گو نواز گو“ کے نعروں کی صدائیں آئینگی۔ پاکستان عوامی مسلم لیگ کے قائد شیخ رشید نے کہا کہ میں مخدوم شاہ کو مبارکباد دیتا ہوں کہ نواز شریف پر ایسا ”ٹھپہ“ لگا ہے کہ ان کے ہوش اڑ گئے، 66 سال سے ہمارے ساتھ دھوکہ ہوا ہے کبھی زرداری‘ کبھی نواز اور کبھی مداری ہم پر مسلط رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگو عمران خان کی قیادت میں نکلو نواز شریف کا دیا بجھا دو۔ انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری افتخار‘ جسٹس رمدے اور نجم سیٹھی میرے حوالے کرو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی نہ ہو جائے تو میرا نام نواز شریف رکھ دینا۔ نواز شریف جی ایچ کیو گیٹ نمبر 4 کی پیداوار ہے۔ صدر تحریک انصاف پنجاب اعجاز چودھری نے کہا کہ 11 اور 12 اگست کی رات ہمارے 7 کارکن شہید اور 40 زخمی ہوئے۔ وہ کارکن ہماری پارٹی کے ماتھے کا جھومر تھے۔ عامر ڈوگر کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی محمود الرشید نے کہا کہ انشاءاللہ آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن کو کوئی امیدوار بھی نہیں ملے گا ملک کو طول و عرض میں کہیں بھی جاکر دیکھ لیں صرف عمران خان کا ذکر ہی ہے اور ایک ہی نعرہ ”گو نواز گو“ گونج رہا ہے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف نے 21 نومبر کو لاڑکانہ میں جلسے کا اعلان کر دیا۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اب عمران خان کا سونامی سندھ میں بھی داخل ہوگا اور 21 نومبر کو تحریک انصاف کے قائد عمران خان لاڑکانہ میں ایک بڑا جلسہ عام سے خطاب کرینگے۔ شیخ رشید نے کہا کہ فلموں کی ٹکٹیں بلیک کرنے والے کو ببل کی کیا سمجھ آئے گی۔ محرم کے بعد عمران خان سارے ملک میں شٹر ڈا¶ن پہیہ جام کرے گا۔ بعدازاں اسلام آباد پہنچ کر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا 65 روز میں پاکستان بدل گیا، کارکنوں کی وجہ سے لوگوں میں شعور پیدا ہوا، دھرنے کے شرکاءکی وجہ سے میرا پیغام پورے ملک میں پھیلا، میں ہار نہیں مانوں گا۔ پورا پاکستان جاگ گیا تو نوازشریف کا رہنا مشکل ہوجائیگا۔ گرمی میں یہاں آئے تھے ٹھنڈ میں رہنا پڑیگا، سرگودھا کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ تھا۔ دھرنے میں گجرات سے لوگ آئے، تاریخی جلسے ہو رہے ہیں، دو ماہ میں جلسے مکمل کرلیں گے، دھرنے کے بعد تمام جلسے تاریخی ہوئے، دو ماہ بعد بتاﺅں گا اگلی چال کیا ہوگی، وہ میری آخری گیند ہوگی۔ اگلی عید سے پہلے نیا پاکستان بنے گا۔ سیاسی مگرمچھوں سے چند ماہ میں جان چھڑا لیں گے، میری آخری کال پر پورا پاکستان میرے ساتھ کھڑا ہو گا۔ سندھ میں پسے ہوئے طبقے کو جگائیں گے، لاڑکانہ میں تاریخی جلسہ کرینگے۔
عمران خان

ای پیپر-دی نیشن