لگتا ہے حکومت مدت پوری نہیں کریگی، مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ غیرآئینی نہیں: مولا بخش چانڈیو
حیدرآباد (نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے رہنما مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ لگتا ہے نواز شریف حکومت مدت پوری نہیں کریگی۔ مڈٹرم الیکشن کا مطالبہ غیرآئینی، غیر جمہوری نہیں، آج کراچی میں ملکی تاریخ کا اہم ترین جلسہ ہو گا۔ مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ بھٹو بننے کا شوق کیا جائے لیکن بھٹو جیسا بننا مشکل ہے کیوں کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا دل عوام کی محبت سے سر شار تھا اور وہ ایک عوامی لیڈر تھے جنہوں نے یہ کہا کہ مجھے پھانسی تو قبول ہے لیکن تاریخ میں مرنا قبول نہیں۔ جلسہ سے خطاب میں انہوں نے کہا نواز شریف نے بھی بھٹو بننے کی کوشش کی لیکن جب ان پر مشکل وقت آیا تو وہ ملک چھوڑ کر چلے گئے اور ان کی اہلیہ نے یہ بیان دیا کہ سیاست میں ایسا بھی ہوتا ہے ہمیں معلوم نہیں تھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو جیسا بننے کے لیے اپنے خاندان کی جانوں کا نذرانہ پیش کرنا پڑے گا نہ کہ صبح کو گھر جا کر سونے اور شام کو دھرنے سے خطاب کرنے سے کوئی بھٹو بن سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا دینے کے وقت ڈاکٹر طاہر القادری نے خدا کی قسم کھا کر کہا کہ انہوں نے زندگی کا آخری غسل کر لیا ہے لیکن حیرت ہے ان کے دھرنے کو 2 ماہ سے زائد کا وقت گزر گیا ہے۔