سرگودھا جلسہ کی جھلکیاں
سرگودھا(صارم علی خان سے) ٭ سرگودھا سپورٹس سٹیڈیم میں 28 کنٹینر سے سٹیج بنایا گیا تھا۔ ٭ آدھا سٹیڈیم کنٹینروں، میڈیا کی گاڑیوں اور سکیورٹی ضروریات کے تحت کور کر لیا گیا تھا جبکہ باقی میں کرسیاں لگائی گئی تھیں۔ ٭ عمران خان سرخ رنگ کے ہیلی کاپٹر میں سرگودھا پہنچے۔ ٭ ضلعی صدر ممتاز کاہلوں، پنجاب کے صدر اعجاز چوہدری اور عمران خان نے بھی خطاب کیا۔ جلسے میں خواتین اور نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ ٭ اعجاز چوہدری نے اپنی تقریر میں ملک عامر ڈوگر کو خصوصی مبارکباد دی۔ ٭ شیخ رشید نے اپنی تقریر میں نواز شریف کے ساتھ ساتھ زرداری کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ ٭ عمران خان پنڈال میں داخل ہوئے تو ان کے ہمراہ آنے والوں کو پی ٹی آئی کے رضا کاروں نے سٹیج پر چڑھنے سے روک دیا جس پر کافی بدمزگی بھی ہوئی لیکن رضا کار ڈٹے رہے۔ عمران خان نے بھی پاس رضا کاروں کو دکھایا اور پھر سٹیج پر چڑھے۔ ٭ جلسے میں شریک مردوں کے ساتھ ساتھ خواتین اور نوجوانوں کا جوش و خروش قابل دید تھا۔ ٭ عمران خان کی آمد پر غبارے ہوا میں چھوڑے گئے۔ ٭ عمران اور ان کے ساتھ آنے والے سرگودھا یونیورسٹی میں سے گزر کر جلسہ گاہ میں داخل ہوئے۔ ٭ بہت سے لوگ دوسرے شہروں سے بھی عمران خان کی ایک جھلک دیکھنے کے لئے جلسہ میں آئے۔ ٭ شاہ محمود قریشی نے اپنے خطاب میں جی او جٹا چک دے پھٹہ اور الوداع الوداع نواز شریف الوداع کے نعرے لگوائے۔ شاہ محمود قریشی کے والد نے سرگودھا سپورٹس سٹیڈیم کا 1955ء میں افتتاح کیا تھا۔ ٭عمران خان سرگودھا سٹیڈیم میں 7 میچ کھیل چکے ہیں جن میں سری لنکا کے خلاف بطور کپتان میچ جیتنا بھی شامل ہے۔ ٭ سپورٹس سٹیدیم میں اس سے قبل ذوالفقار علی بھٹو، نواز شریف اور عمران خان خطاب کر چکے ہیں۔ ٭ جیسے ہی عمران خان نے تقریر شروع کی جلسہ گاہ میں بجلی بند ہو گئی۔ ٭ اندھیرے، گرمی اور گھٹن کے باعث لوگ عمران کے خطاب کے دوران ہی باہر جانے لگے۔ ٭ بجلی بند ہونے پر پی ٹی آئی کے ضلعی عہدیداروں کی آپس میں شدید تلخ کلامی ایک دوسرے کو ذمہ دار ٹھہرانے لگے۔ ٭ عمران خان کی تقریر سے پہلے لوک گلوکار عطاء اللہ عیسیٰ خیلوی جلسے کے شرکاء کو گرماتے رہے۔