داعش کے ارکان عصر حاضر کے خوارج ہیں: پاکستان سنی تحریک علما بورڈ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان سنی تحریک علما بورڈ نے دہشت گرد تنظیم داعش کو عصر حاضر کے خوارج قرار دے دیا ہے، سنی تحریک علما بورڈ سے وابستہ پچاس سے زائد جید علما اور مفتیوں نے مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ داعش تکفیری اور دہشت گرد گروہ ہے، اس کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں۔ داعش اپنے مذموم مقاصد کیلئے بے گناہ انسانوں کا خون بہاکر فساد فی الارض کے مرتکب ہورہی ہے۔ داعش نے عراق میں انبیاءعلیہم السلام اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سمیت مقدس شخصیات کے مزارات شہید کرکے اسلام دشمنی کا ثبوت دیا۔ ان کے اقدام سے امت مسلمہ کے دل چھلنی ہوگئے۔ طالبان اور داعش جیسی تنظیموں کے باعث مسلمانوں کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ ان کی گمراہی کے بارے میں عوام کو آگاہ کرنا اہل علم کی ذمہ داری ہے۔ اسلام میں دہشت گردی کی کوئی گنجائش نہیں۔ اس دہشت گرد گروہ کا فی الفور خاتمہ ضروری ہے۔ عراق میں البغدای کی خلافت کا اعلان شریعت کے خلاف ہے۔ ہم البغدادی کی خلافت مسترد کرتے ہیں۔ اسلام کی صفوں میں دراڑیں ڈالنے والے خوارج کیخلاف امت کو متحد کرنا ہوگا۔ اعلامیہ جاری کرنے والے علما و مفتیان کرام میں علامہ مجاہد عبدالرسول خان، علامہ غفران محمود سیالوی، مفتی قاضی سعید الرحمن، مفتی لیاقت علی رضوی، مفتی شرف الدین صدیقی، علامہ پیر غلام مرتضیٰ شاکر، علامہ عارف چشتی، علامہ عطاءالرحمن، علامہ شاہد محمود عباسی، مفتی عثمان رضوی، صاحبزادہ خالد محمود، علامہ عبداللطیف قادری، علامہ خلیل الرحمن قادری، پیر سید وسیم الحسن نقوی ایڈووکیٹ، پیر سید عابد حسین شاہ، مفتی سلطان محمود قادری، مفتی محمد حسیب عطاری، علامہ محمد طارق شہزاد، مفتی محمد ایاز سعیدی، ڈاکٹر محمد شہباز قادری، مفتی محمد احسن نقیبی، مفتی محمد ابرار احمد عطاری، مفتی آصف سعید قادری، مولانا رب نواز جلالی، مفتی محمد سلیم نقشبندی، علامہ شیر محمد مجتبیٰ، علامہ شفاقت قادری، علامہ ریاض ہزاروی اور دیگر شامل ہیں۔
داعش/ اعلامیہ