• news

جلسہ کی سکیورٹی پر 2500 اہلکار تعینات، کئی شاہراہیں بند ٹریفک جام

کراچی(نمائندہ نوائے وقت) پیپلز پارٹی کے جلسے کی سکیورٹی کیلئے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ 2 ہزار500 پولیس اہلکار وں کے ساتھ ساتھ خفیہ اداروں کے سادہ لباس میں اہلکار بھی تعینات کئے گئے تھے۔ رینجرز کی بھاری نفری بھی تعینات تھی۔ جلسہ گاہ کے داخلی راستوں پر 112واک تھرو گیٹ نصب کئے گئے تھے۔ دہشت گردی کے خطرے کے باوجود جلسہ میں شرکت کے لئے ملک بھر سے جیالوں کی قافلوں کی صورت میں آمد کے باعث سکور ٹی کے انتظامات میں  ہفتہ کی صبح تک ردوبدل کیا جاتا رہا۔ پولیس افسروں اور اہلکاروں کو بھی خصوصی پاسز جاری کئے گئے تھے۔ ریپڈ رسپانس فورس کے 300 سے زائد کمانڈوز کو جلسہ گاہ میں تعینات کیا گیا۔ جلسہ گاہ میں نصب 300سے زائد سی سی ٹی وی کیمروں کا کنٹرول روم نشتر پارک میں قائم کیا گیا تھا۔ جلسہ گاہ کے اردگرد کے علاقوں لائنز ایریا، نمائش، جیکب لائن، سولجر بازار اور گرومندر کی بلند عمارتوں پر ’’شارپ شوٹرز‘‘ بھی تعینات کئے گئے تھے۔ جلسے کی سکیورٹی کو مزید فول پروف بنانے کے لئے نیو ایم اے جناح روڈ سمیت کئی شاہراہوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا۔ نیو ایم اے جناح روڈ ٹریفک کے لئے بھی بند کر دی گئی۔ صدر دواخانے سے پیپلز سیکرٹریٹ تک لنک روڈ بھی ٹریفک کے لئے بند تھا۔ نیو ایم اے جناح روڈ کو نشاط سینماء اور گرومندر تک عام ٹریفک کے لئے بند کر دیا گیا تھا۔ جیل چورنگی سے مزار قائد آنے والا روڈ بھی مکمل طور پر بلاک کر دیا گیا۔ شہید ملت روڈ سے تمام راستے کنٹینرز اور رکاوٹیں لگا کر بند کر دیئے گئے تھے جبکہ شاہراہ قائدین بھی ٹریفک کے لئے بند تھا۔ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں وی آئی پی شخصیات کو جلسہ گاہ سے بحفاظت نکالنے کے لئے دو ٹیمیں مقرر کی گئی تھیں۔ دو فائر ٹینڈرز جبکہ مزار قائد میں 30 ایمبولینس گاڑیاں کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے تیار رکھی گئی تھیں۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت نے پولیس کے بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ساتھ ساتھ قانون نافذ کرنے والے ایک ادارے کے بم ڈسپوزل یونٹ (کے ۔ 9) سے بھی جلسہ گاہ کی سوئپنگ کرائی۔ جلسہ گاہ کی فضائی نگرانی بھی کی گئی جبکہ ایک مشتبہ شخص کو گرفتار کر لیا گیا جس سے پولیس کا جعلی شناختی کارڈ برآمد ہوا۔ اسے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ یونٹ کے جوانوں نے آلات اور سراغ رساں کتوں کی مدد سے جلسہ گاہ کی تلاشی لی۔

ای پیپر-دی نیشن