• news

مینار پاکستان پر عوامی تحریک کا جلسہ آج ہوگا، ملک میں کفر کا نظام رائج ہے: طاہر القادری

لاہور (سپیشل رپورٹر+ سٹاف رپورٹر+ نیوز رپورٹر+  خصوصی رپورٹر ) عوامی تحریک اور اتحادی جماعتوں کے زیراہتمام آج مینار پاکستان کے سبزہ زار میں جلسہ ہوگا۔ عوامی تحریک کے مطابق جلسہ گاہ میں ایک لاکھ سے زائد کرسیاں لگا دی گئی ہیں۔ سکیورٹی کے انتظامات پولیس کے ساتھ عوامی تحریک کے 3000 رضاکار بھی سرانجام دیں گے۔ جلسہ کیلئے پانچ گیٹ استعمال کئے جائیں گے۔ جلسے کو لاہور میں انقلاب کا نام دیا گیا ہے۔ طاہر القادری، چودھری بشارت عزیز جسپال، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی، علامہ راجہ ناصر عباس جعفری، صاحبزادہ حامد رضا اور دیگر خطاب کرینگے۔ اہلسنت کی 30 جماعتوں نے جلسے میں شرکت کا اعلان کر دیا ہے۔ مشترکہ اعلامیہ میں کہا ہے کہ صوفیاء کے ماننے والے اہل حق کے جلسے میں بھرپور شرکت کرکے ثابت کریں گے کہ لاہور مسلم لیگ (ن) کا قلعہ نہیں بلکہ داتا کے دیوانوں اور عاشقانِ رسول کا شہر ہے۔ دریں اثناء مینار پاکستان کے اطراف موبائل فون بند کرنے کی تجویز پولیس کی جانب سے حکومت کو بھجوا دی گئی ہے۔ سکیورٹی کیلئے 4 ایس پیز، 18 ڈی ایس پیز، 40 ایس ایچ اوز اور سینکڑوں پولیس اہلکار تعینات ہوں گے۔ سپیشل برانچ، بم ڈسپوزل سکواڈ اور امدادی ٹیموں کو بھی الرٹ کردیا گیا ہے۔ گزشتہ روز ڈی آئی جی آپریشن ڈاکٹر حیدر اشرف، ایس پی سی آئی اے عمر ورک و دیگر افسروں نے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ لاہور کے تمام سرکاری ہسپتال ہائی الرٹ رہیں گے۔ محکمہ صحت نے اس حوالے سے خصوصی اقدامات کرنے کی ہدایات کی ہیں۔ جلسے میں عوامی تحریک کے دھرنا پارٹنر تحریک انصاف والے انفرادی حیثیت میں شرکت کرینگے۔علاوہ ازیں دھرنے سے خطاب میں طاہر القادری نے کہا ہے کہ ملک میں رائج نظام کفر پر مبنی نظام ہے جس میں غریبوں کو حقوق نہ ملیں۔ اپنی عوام پر ظلم و جبر کرنیوالا سراسر جھوٹ پر مبنی نظام ہے، آپ کی قربانیاں جلد رنگ لائیں گی، انقلاب آئیگا، ملک کے کروڑوں غریبوں کا مقدر بدلے گا، انقلاب کی جنگ ہم جیتیں گے۔ آپ کی قربانیوں نے پورے ملک میں لوگوں کے ذہنوں کو تبدیل کر دیا۔ آپ نے ان دو مہینوں میں جو کام کر دیا ہے آپکو اسکا اندازہ فیصل آباد کے جلسے سے ہوا اور آج ہونیوالے لاہور کے جلسے کے بعد قوم کو اس کا اندازہ ہوجائیگا۔ آپ کی قربانیوں نے قوم کو جو شعور دیا، فکر دیا مینار پاکستان کا اجتماع اس پر مہر تصدیق ثبت کردیگا۔ مینار پاکستان کا جلسہ سٹیٹس کو کی بنیادیں ہلا کے رکھ دیگا۔ 14 اگست سے آج دن تک انقلاب مارچ اور دھرنے جتنا بھی خرچہ ہوا وہ عوامی تحریک بیرون ممالک کی تنظیموں کے کارکنوں نے کیا اور کر رہے ہیں اور اس میں فیصل آباد اور لاہور کے جلسوں کے خرچے بھی شامل ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن