• news

پاکستان عالمی تذبذب کا شکار ہے اسے بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتے ہیں: بھارت

نئی دہلی (آن لائن) بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے اسے عالمی تذبذب کا شکار  ملک قرار دیا ہے۔ مسلح افواج کے اعلیٰ سطح کی کمان کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر دفاع ارون جیٹلی نے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج کی صلاحیتوں میں اضافے کی ضرورت ہے کیونکہ ہم ایسے ہمسایہ ملک کیساتھ رہتے ہیں جو عالمی سطح پر تذبذب کا شکار اور ایک مشکل صورتحال سے بھی دوچار ہے۔ بھارت پاکستان کی وجہ سے مسلسل سکیورٹی کے احساس کمتری میں مبتلاء رہتا ہے۔ لائن آف کنٹرول پر ہماری فورسز مسلسل پاکستان کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزیوں کا سامنا کررہی ہیں تاہم اس کے باوجود بھرپور جواب بھی دیا جارہا ہے۔ ہم پاکستان سمیت دیگر ہمسایہ ممالک کیساتھ بہتر تعلقات کے قیام کے خواہاں ہیں تاہم اس کیلئے دوسرے ممالک کا رویہ بھی مثبت ہونا چاہئے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی سربراہی میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں انہیں پاکستان کے ساتھ سرحدی کشیدگی اور چین کیساتھ سرحدی تنازعے کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ بھارتی وزیر دفاع ارون جیٹلی نے ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان کو بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ بھارتی وزیراعظم کو پاکستان کیساتھ سرحدی کشیدگی اور چین کیساتھ سرحدی تنازع اور خطے میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال، بھارت میں القاعدہ کے نئے ونگ کی دھمکیوں اور داعش کے ممکنہ خطرے سمیت دیگر اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ارون جیٹلی نے پاکستان کو گلوبل پزل قرار دیا۔

ای پیپر-دی نیشن