چینی حکومت میاں نواز شریف کے دورے کی شدت سے منتظر
چینی وزیر اعظم اپنے ہم منصب وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف کا اگلے ماہ میں چین میں استقبال کرنے کیلئے بے چین ہیں۔ یہ بات اٹلی کے شہر ملبورن میں چینی وزیر خارجہ نے وزیر اعظم کے خصوصی معاون طارق فاطمی سے بات چیت میں کہی۔ پاکستان کی داخلی صورتحال کے پیش نظر چینی صدر نے اپنا طے شدہ دورہ ملتوی کر دیا تھا چند سیاسی لوگوں نے اس ایشو پر اپنی سیاست خوب چمکائی اور کہا کہ موجودہ حکومت اور چینی حکومت کے مابین تعلقات کشیدہ ہیں حالانکہ چینی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اس بات کی وضاحت کی تھی کہ پاکستان کے داخلی سیاسی حالات بہتر ہوتے ہی چینی صدر پاکستان کا دورہ کرینگے۔ اب چینی وزیر خارجہ نے واضح کر دیا ہے کہ چینی حکام 10 ویں ایشیا پیسیفک اکنامک کوآپریشن سربراہی کانفرنس میں شرکت کے موقع پر میاں نواز شریف کا استقبال کرنے کیلئے بیتاب ہیں۔ چینی وزیر خارجہ کے اس بیان سے ان عناصر کی آنکھیں کھل جانی چاہئیں جو دونوں حکومتوں کے مابین حالات کی خرابی کا ڈھنڈورا پیٹ رہے تھے۔ چینی وزیر خارجہ کا بیان ان قوتوں کے منہ پر طمانچہ ہے جو دونوں ممالک کے مابین غلط فہمیاں پھیلانے کی کوشش میں ہیں میاں نواز شریف اپنے دورہ چین کی بھرپور تیاری کرکے جائیں اور خصوصی طور پر چینی صدر کو گوادر پورٹ پر کام تیز کرنے سازگار حالات کا یقین دلائیںتاکہ دشمن عناصر کی آنکھوں میں کانٹے کی طرح چبھنے والا یہ منصوبہ بروقت قابل عمل ہو سکے۔