بھارت نے برطانیہ کو ہرا کر سلطان جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا‘ پاکستان آخری نمبر پر رہا
جوہر بارو(سپورٹس ڈیسک) بھارت نے برطانیہ کو شکست دے کر سلطان آف جوہر انڈر 21 ہاکی ٹورنامنٹ جیت لیا۔ ملائشیا میں کھیلے جانے والے ایونٹ کے فائنل میں بھارت نے برطانیہ کو صفر کے مقابلے میں 2 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔ آسٹریلیا نے نیوزی لینڈ کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دے کر تیسری پوزیشن حاصل کی اور برونز میڈل جیتا۔ پاکستانی جونئیر ہاکی ٹیم اپنی ناکامیوں سے پیچھا نہ چھڑا سکی۔ پانچویں پوزیشن کے میچ میں بھی پاکستان کو ملائیشیا سے شکست ہو گئی۔ ملائیشیا میں ہونیوالے ٹورنامنٹ میں پاکستانی جونئیر ہاکی ٹیم ایک بھی فتح سے محروم رہی ، اس کی ناکامیوں کا اغاز گروپ کے پہلے میچ میں برطانیہ سے پانچ صفر سے ہوا۔ قومی ٹیم دوسرے میچ میں مضبوط حریف اسٹریلیا کے خلاف مدمقابل ہوئی ، لیکن مقابلہ ایک ایک کی برابری پر ختم ہوا ، گروپ کے تیسرے میچ میں اس کا سامنا روایتی حریف بھارت سے ہوا جس نے پاکستانی ٹیم کو صفر کے مقابلے میں چھ گولز کی بدترین اور کراری شکست سے دوچار کیا۔ گروپ کاآخری میچ میزبان ملائیشیا کے خلاف شیڈول تھا ، لیکن بدقسمتی سے کامیابی یہاں بھی پاکستان سے ناراض ہی رہی اور میچ دو دو سے برابر رہا۔ اسی ملائیشین ٹیم نے پانچویں پوزیشن کے میچ میں پست حوصلوں اور ناکامیوں کی شکار پاکستانی ٹیم کو تین ایک سے ٹھکانے لگا کر فتح تو حاصل کی ہی ساتھ میں ٹورنامنٹ کی پانچویں پوزیشن بھی اپنے نام کر لی۔ پاکستان کی جانب سے محمد نوید واحد گول سکور کرنے میں کامیاب رہے۔