• news

کچھ عناصر دھرنے کی سیاست سے انارکی پھیلانے کیلئے کوشاں ہیں: پرویز رشید

روٹر ڈیم (وقار ملک) وزیراطلاعات نشریات پرویز رشید نے ہالینڈ میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت پنپ رہی ہے تمام ادارے اپنی اپنی حدوں میں رہتے ہوئے خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ حکومت عوام کو انکے حقوق دلوائے اور خوشحالی کی طرف راغب کرنے میں سرگرداں ہے لیکن چند عناصر دھرنوں کی سیاست کے ذریعے پاکستان میں انارکی پھیلانے کیلئے کوشاں ہیں۔ دھرنہ دینے والے پاکستان عوام کے مینڈیٹ کو سبوتاژ کرنے پر تلے ہوئے ہیں ان کے نزدیک پاکستان نہیں بلکہ اقتدار عزیز ہے جبکہ ن  لیگ نے دوسرے صوبوں میں حکومت بنانے کا حق رکھنے کے باوجود دوسروں کو موقع دیا بلوچستان میں  قوم پرستوں کو موقع دیا کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہو کر پاکستان کی ترقی کی راہ پر گامزن کرنے میں کردار ادا کریں۔  پہلی مرتبہ پاکستان کا پرچم پورے بلوچستان میں لہرا یا گیا۔  وزیراعظم کا خواب دیکھنے والوں کو عوام کے پاس جانا ہو گا اور 2018 تک انتظار کرنا پڑے گا۔ ملک کو سنوارنے بنانے کیلئے متحد و منظم ہو کر جدوجہد کرنا ہو  گی۔ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہم سب کو کردار ادا کرنا ہو گا۔ پرویز رشید چھٹی ایشیائی کانفرنس میں شرکت کیلئے ہالینڈ پہنچے تو سفارت خانہ پاکستان اور ن لیگ کے کارکنان نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ ن  لیگ کے کارکنان نے گو عمران گو کے نعرے لگائے تو وفاقی وزیر پرویز رشید نے سختی سے چپ کرا دیا۔

ای پیپر-دی نیشن