• news

پاکستان علماء کونسل کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس 22 اکتوبر کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا

لاہور (این این آئی) پاکستان علماء کونسل کی مرکزی شوریٰ کا اجلاس 22 اکتوبر (بدھ ) کو اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ۔ اجلاس میں ملک کے موجودہ حالات اور محرم الحرام میںا من و امان ، قومی اور بین الاقوامی امور پر اہم فیصلے کئے جائیں گے۔اجلاس کے بعد تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ کا کنونشن ہو گا جس میں محرم الحرام کے حوالے سے متفقہ ضابطہ اخلاق کا اعلان کیا جائے گا۔ پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اجلاس اور کنونشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ تمام مذہبی و سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک کے اندر پیدا ہونے والے حالات اور مسائل کے حل کے لئے ہر قسم کے اختلافات سے بالا تر ہو کر جدوجہد کریں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل محرم الحرام کے دوران ملک کے تمام اہم شہروں میںپیام امن کنونشن منعقد کرے گی اور قومی یکجہتی کونسل کے ارکان حساس علاقوں میں تصادم کی صورتحال کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل کا مشن اور کاز بین المسالک و بین المذاہب مکالمہ کے ساتھ ساتھ پاکستان کو مدینہ منورہ کی طرز کی ریاست بنانے کے لئے جدوجہد کرنا ہے جس میں کسی بھی انسان کی حق تلفی نہ ہو اور انصاف سب کے لئے ہو ۔ انہوں نے تمام مکاتب فکر کی قیادت ، علماء و مشائخ سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام میں امن وامان کے قیام کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔

ای پیپر-دی نیشن