پاکستان نے حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو نہ روکا تو خود کارروائی کرینگے: ایرانی فوج
تہران (آئی این پی) ایرانی فوج کے ڈپٹی چیف آف سٹاف بریگیڈیئر جنرل مسعود جزائری نے دھمکی دی ہے کہ اگر پاکستان نے سرحد پار سے حملہ کرنے والے دہشت گردوں کو نہ روکا تو ایرانی فوج ان دہشت گردوں کو کچلنے کیلئے خود کارروائی کرے گی، ایران مزید اس قسم کی کارروائیاں برداشت نہیں کرے گا۔ پاسداران اسلامی انقلاب کے کمانڈروں کی شہادت کے حوالے سے تقریب کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈئر جنرل جزیری نے کہا کہ ہمیں توقع ہے کہ ہم سرحد پار سے دہشت گردوں کے حملوں پر علاقائی حکومتوں خصوصی طور پر پاکستانی حکومت اور فوج کی مدد سے قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں گے، یہ فطری بات ہے کہ ایران سرحد پار سے دہشت گردوں کی مشتبہ کارروائیوں کو زیادہ دیر تک برداشت نہیں کرے گا بلکہ وہ اس سلسلے میں اپنے دفاع کیلئے اقدامات کرے گا۔ فارس نیوز کے مطابق اس موقع پر ایرانی ڈپٹی چیف آف سٹاف نے پاکستان پر اپنی سرزمین سے مبینہ سرحد پار حملے روکنے پر زور دیتے ہوئے خبر دار کیا کہ اگر حکومت پاکستان کی بے توجہی کا رویہ جاری رہا تو پھر ایران ایسے دہشت گرد گروپوں کو کچلنے کیلئے کارروائی کرے گا۔