الیکشن ہار کر جمہوریت کو بچا لیا، جاوید ہاشمی: ملتان میں نوٹوں، ووٹوں کا مقابلہ ہوا، سعد رفیق
ملتان (نوائے وقت نیوز+ایجنسیاں) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے تحریک انصاف کے سابق صدر جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کہا کہ ملتان کا ضمنی انتخاب ایک تنہا مسافر کے خلاف میڈیا جنگ تھی۔ ضمنی انتخاب ہار گیا مگر جمہوریت کی جیت ہوئی۔ ملتان کے ضمنی الیکشن میں ہار کر بھی جمہوریت کو بچا لیا، جمہوری نظام پر تنقید کرنے والوں کو انتخابی عمل میں حصہ لینے پر مجبور کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ آج منگل کو ایک پریس کانفرنس کروں گا جس میں اس چینل کا نام بتاؤں گا جس نے ضمنی انتخابات میں مجھے ہرایا۔ جمہوریت کے تحفظ کے لئے تنہا سفر کیا۔ خواجہ سعدرفیق نے کہا کہ جاوید ہاشمی سے میرا روحانی رشتہ ہے۔ جاوید ہاشمی کے فیصلے ہمالیہ کی طرح مضبوط اور بلند و بالا ہوتے ہیں۔ ایک سو عمران خان اور ایک سو شاہ محمود قریشی مل جائیں تو ایک جاوید ہاشمی نہیں بنتا۔ ملتان میں نوٹوں اور ووٹوں کا مقابلہ ہوا۔ جاوید ہاشمی گنتی کی جنگ ہار گئے، عمران خان جیت کر بھی اصولوں کی جنگ ہار گئے۔ میں نے جاوید ہاشمی سے سیاست سیکھی، جاوید ہاشمی سے شکایت ہے کہ فیصلہ کرکے تبدیل نہیں کرتے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پاکستان کو توانا کرنے کے لئے جاوید ہاشمی کی ضرورت ہے۔ ہاشمی سیاست کے افق پر تابندہ ستارے کی طرح زیادہ توانائی کے ساتھ جگمگائیں گے۔ دریں اثنا ملتان ریلوے سٹیشن پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہاکہ سانحہ بلوچستان قابل مذمت ہے‘ دہشت گردوں کو ہتھیار ڈالنا پڑیں گے‘ دہشت گردی اور دھماکوں سے منزل حاصل نہیں کی جاسکتی۔ وہ پیر کو ملتان ریلوے سٹیشن کے دورہ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی بات نہیں ہوگی۔ دہشت گردی اور دھماکوں سے منزل حاصل نہیں کی جاسکتی ۔ علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کے ورکز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان ملک میں مادرپدر آزادی چاہتے ہیں، تاریخ فیصلہ کریگی عمران اور طاہر القادری میں سب سے بڑا جھوٹا کون ہے، دھرنے اور گھیرائو کی سیاست پاکستان کو شدید نقصان پہنچا رہی ہے۔ وزیراعظم جلد حکومت کے آئندہ لائحہ عمل سے قوم سے خطاب میں آگاہ کرینگے۔ قبل ازیں خواجہ سعید رفیق نے جاوید ہاشمی کی رہائش گاہ پر ان کے ساتھ ون ٹو ون ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی این پی کے مطابق مسلم لیگ ن ضلع و سٹی کے زیر اہتمام ملتان آرٹس کونسل میں ہونے والے ورکرز کنونشن میں متوالوں نے ’’رو عمران رو، قاتل قاتل شاہ محمود قاتل کے نعرے بھی لگائے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر ریلوے سعد رفیق نے کارکنوں سے خطاب کے دوران کہا کہ کارکن آئندہ کسی سیاسی مخالف لیڈر کے سامنے احتجاجی مظاہرہ نہ کریں اور نہ کسی کے گھر کے سامنے احتجاج کریں، کسی کا راستہ روکنے کی اجازت نہیں ہے۔ علاوہ ازیں خواجہ سعد رفیق نے پیر کو ملتان سے لاہور جانے والی چار سال سے بند موسیٰ پاک ٹرین کی بحالی کا افتتاح کیا۔