طاہر القادری پر قاتلانہ حملے کی جوڈیشل کمشن رپورٹ گم ہو گئی، ہوم سیکرٹری کا ہائیکورٹ میں بیان
لاہور (وقائع نگار خصوصی) ہائیکورٹ کے فل بنچ کے روبرو ہوم سیکرٹری پنجاب نے طاہر القادری پر قاتلانہ حملے کی چوبیس برس پرانی جوڈیشل کمشن کی رپورٹ کی گمشدگی کا اعتراف کر لیا۔ عدالت نے ہوم سیکرٹری کو رپورٹ کی گمشدگی کا حلف نامہ دینے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ رپورٹ کی گمشدگی کے ذمہ داروں کا تعین کرینگے۔ فل بنچ نے شہری امجد کی طرف سے عوامی تحریک اور طاہر القادری کی اشتعال انگیز تقاریر پر پابندی کیلئے دائر درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار کے وکیل فہد صدیقی ایڈووکیٹ نے بنچ کو بتایا کہ عدالت نے ہوم سیکرٹری پنجاب سے طاہر القادری پر 1990ء میں ہونے والے قاتلانہ حملے کی جوڈیشل کمشن کی رپورٹ طلب کی تھی مگر عدالتی حکم کے باوجود رپورٹ جمع نہیں کرائی جا رہی، ہوم سیکرٹری میجر (ر) اعظم سلیمان خان عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے فل بنچ کے روبرو بیان ریکارڈ کراتے ہوئے اعتراف کیا کہ جسٹس اختر حسن پر مشتمل جوڈیشل کمشن کی رپورٹ حکومت کے ریکارڈ میں نہیں ہے۔ عدالت نے مزید کارروائی 6 نومبر تک ملتوی کر دی۔