پنجابی مزدوروں کا قتل: لسبیلہ میں ملزموں کا پولیس سے مقابلہ‘ ایک ہلاک
کوئٹہ+ لسبیلہ (بیورو رپورٹ+ نوائے وقت رپورٹ) حب میں 8پنجابی مزدوروں کے قتل میں ملوث مرکزی ملزم کو لسبیلہ سے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ مزید برآں بیورو رپورٹ کے مطابق لسبیلہ کے علاقے ساکران میں 8افراد کے قتل میں ملوث ملزموں کا ساکران کے رمضان مری گوٹھ میں مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ ایک شدید زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا، باقی ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جبکہ گزشتہ روز ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لسبیلہ بشیر احمد بروہی کی سربراہی میں پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کیا۔ اس دوران ساکران کے رمضان مری گوٹھ واقعہ میں ملوث مبینہ ملزموں اور پولیس میں مقابلہ ہوا۔ پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن جاری رکھتے ہوئے ایک درجن سے زائد مشکوک افراد کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے گرفتار ملزم سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔ قبل ازیں تحصیل لیاقت پور سے تعلق رکھنے والے7 مزدوروں کی نعشیں جب پیر کو ان کے آبائی علاقے میں پہنچیں تو پورے علاقے میں کہرام مچ گیا، اس موقع پر بہت بڑی تعداد میں علاقہ کے افراد اور مقتولین کے ورثاء جمع تھے۔ علاقہ بھر کے عوام نے شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے نعشیں ہائی وے پر رکھ کر شدید احتجاج کرتے ہوئے ہائی وے بلاک کر دی، عوام نے حکومت سے ملزموں کی گرفتاری کے لئے بھرپور آپریشن کرنے کا مطالبہ کیا۔ بعدازاں ساتوں مزدوروں کی نماز جنازہ ادا کی گئی اور انہیں آبائی قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ سات بے گناہ مزدوروں کے قتل پر پوری تحصیل لیاقت پور میں گہرے دکھ اور سوگ کی سی کیفیت رہی۔