اراضی سکینڈل‘ ہائیکورٹ نے آصف ہاشمی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست خارج کر دی
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے ڈی ایچ اے اراضی سیکنڈل کیس میں پیپلز پارٹی کے رہنما و سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ آصف ہاشمی کی حفاظتی ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔ گذ شتہ سماعت پر عدالت نے آصف ہاشمی کو اشتہاری قرار دینے اور نام ای سی ایل سے خارج کرنے کی درخواست کے قابل سماعت ہونے کے حوالے سے وکلاء سے دلائل طلب کئے تھے۔ گزشتہ روز فاضل عدالت نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار آصف ہاشمی کے وکیل نے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا کہ ڈی ایچ اے میں پلاٹوں کی خورد برد کے الزام میں ان کے خلاف مقدمہ چلایا گیا جبکہ وہ اس وقت ملک سے علاج کے لیے باہر گئے ہوئے تھے اور ان کی عدم موجودگی پر اشتہاری قرار دیا گیا اور نام ای سی ایل میں ڈالا گیا جبکہ وہ ملک واپس آ کر شامل تفتیش ہونا چاہتے ہیں تاکہ اپنی بے گناہی ثابت کر سکیں اس لیے عدالت نام ای سی ایل میں ڈالنے اور اشتہاری قرار دینے کا ماتحت عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دے اور حفاظتی ضمانت منظور کی جائے۔ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل چودھری نصیر احمد بھٹہ نے عدالت کو بتایا کہ آصف ہاشمی کو شامل تفتیش ہونے کے لیے متعدد بار نوٹسز جاری کیے گئے لیکن کوئی جواب نہ ملا جس کے بعد آصف ہاشمی کو اس وقت اشتہاری قرار دیا جا چکا ہے، انہوں نے کہا کہ فوجداری مقدمات میں ملزم کا عدالت حاضر ہونا لازم ہے۔