سی ڈی ڈبلیو پی نے 5 ارب سے زائد کے 6 منصوبوں کی منظوری دیدی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں 5 ارب 65 کروڑ 41 لاکھ روپے لاگت کے حامل 6 منصوبوں کی منظوری دیدی گئی۔ سی ڈی ڈبلیو پی کا اجلاس وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی صدارت میں منعقد ہوا۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاک چین اکنامک کوریڈور کے منصوبے سے دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھونے لگیں گے۔ پاکستان ریلویز مستقبل کی ضروریات کو سامنے رکھتے ہوئے 2025 تک کا ریلوے بزنس پلان تیار کرے۔ گوادر کے نئے ایئرپورٹ کی تعمیر سے گوادر کو جدید انفراسٹرکچر ملے گا۔ انہوں نے اسلام آباد کے نئے ایئرپورٹ کی تعمیر وتاخیر کا نوٹس لیا اور کہا کہ اس ایئرپورٹ میں کی جانے والی غلطیاں گوادر میں نہ دہرائی جائیں۔ سول ایوی ایشن اسلام آباد ایئرپورٹ میں اربوں روپے کے نقصانات کرنے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرے اور سی ڈی ڈبلیو پی کو بھی اس بارے میں بتایا جائے۔ جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے ان میں پارلیمنٹ ہاؤس کو شمسی توانائی کی فراہمی جس پر 299 ملین روپے لاگت آئے گی‘ کا منصوبہ شامل ہے۔ گوادر میں 984 ملین روپے لاگت سے پاک چین تکنیکی اور ووکیشنل انسٹی ٹیوٹ بنایا جائے گا‘ مہران یونیورسٹی کو ترقی دی جائے گی۔ جاوید اظفر کمپیوٹر سنٹر کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔ ٹیکس پیئرز سہولت سنٹر بنائے جائیں گے۔ 2,2 ارب روپے کی لاگت سے 3 ہزار ایچ پی قوت کے ریلوے انجن تیار کئے جائیں گے۔ اجلاس میں گوادر میں 300 بستروں کا پاک چین دوستی ہسپتال تعمیر کرنے اور نئے گوادر ایئرپورٹ کی تعمیر کے منصوبے ایکنک کو بھیج دیئے گئے۔