امید ہے دسمبر تک او جی ڈی سی کی نجکاری کا عمل مکمل ہو جائیگا: اسحاق ڈار
اسلام آباد (آن لائن+ اے پی پی) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ رواں برس دسمبر میں عالمی مالیاتی ادارہ (آئی ایم ایف) کی جانب سے دو اقساط ملنے کی توقع ہے جبکہ امید ہے کہ دسمبر تک او جی ڈی سی ایل کی نجکاری کا عمل مکمل کرتے ہوئے جلد ہی سکوک کا اجراء بھی کر دیا جائے گا، دیامر بھاشا ڈیم منصوبہ کو بین الاقوامی فنڈنگ کے اداروںکی جانب سے مثبت رد عمل ملنے کی توقع ہے، ، پاکستان اپنے ہمسایہ ممالک سے اپنے اقتصادی تعلقات بڑھانے کا خواہشمند ہے۔وزارت خزانہ میں پاکستان میں موجود برطانوی ہائی کمشنر فلپ برٹن اور سب سے بڑے برطانوی امدادی ادارے ڈیپارٹمنٹ فار انٹرنیشنل ڈیویلپمنٹ (ڈی ایف آئی ڈی ) کے سربراہ رچرڈ منٹگمری نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحا ق ڈار سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ نے پاکستان میں موجود برطانوی ہائی کمشنر فلپ برٹن کو اپنے حالیہ دورہ امریکہ پر اعتماد میں لیتے ہوئے مطلع کیا کہ انہوں نے اپنے امریکہ قیام کے دوران بہت سے اعلی سطح کے اجلاسوں اوراہم ترین دیامر بھاشا کانفرنس میں بھی شرکت کی۔