طاہر القادری کا فیصلہ اپنا ہے، نوازشریف کے استعفے اور انصاف ملنے تک دھرناختم نہیں کروں گا: عمران
اسلام آباد + لاہور (آئی این پی+ نوائے و قت رپورٹ+ خصوصی رپورٹر) عمران خان نے کہا کہ اسلام آباد میں دھرنا ختم کرنا طاہرالقادری کا اپنا فیصلہ تھا ،ہمیں جب تک انصاف نہیں ملتا بیٹھے ر ہیں گے‘ نواز شریف کے استعفے کے بغیر واپس نہیں جائوں گا، ڈیڑھ سال گزرنے کے باوجود گنتی کا عمل شروع نہیں ہوا‘ سپیکر ہمارے استعفے منظور کریں، ہم جعلی اسمبلی کو مانتے نہ حکومت کو۔ الیکشن کمیشن نے فارم 14-15 ویب سائٹ پر جاری نہیں کیا، اس کیخلاف عدالت جائیں گے‘ (آج) اپنا احتجاج ضرور کریں گے‘ مینڈیٹ چوری کرنے والوں کو سزائیں نہ ہوں تو تحقیقات کا کوئی فائدہ نہیں۔ دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے جو ہمارے دھرنے کی کامیابی ہے۔ میں عوام کو سیاسی شعور دے رہا ہوں۔ میری بات کو غور سے سنا جائے۔ طاہرالقادری کا اپنا فیصلہ تھا ہمارا فیصلہ اپنا ہے۔ حکومت بتائے کہ تحقیقات کرکے ہمیں انصاف کیوں نہیں دیا جارہا۔ دنیا بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیںکم ہوئیں لیکن پاکستان میں بڑھی ہیں۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ 15 روپے فی لٹر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرے۔ آج تک کسی نے پارلیمنٹ کو چیلنج نہیں کیا لیکن ہم نے پہلی بار کہا اور اب جب تک دھاندلی کرنے والوں کو سزائیں نہیں ملتیں ہم پارلیمنٹ میں نہیں جائیں گے۔ 2013ء کے انتخابات جیتنے اور ہارنے والے دونوں دھاندلی کا رونا رو رہے ہیں۔ ہم بل نہ دیں تو بجلی کاٹ دی جاتی ہے جبکہ اتفاق فائونڈری نے 5 کروڑ کا بل دینا ہے اس کی بجلی نہیں کاٹی گئی۔ اوور بلنگ کر کے 70 ارب روپے کا ڈاکہ مارا گیا۔ حکومت بجلی چوری اور کرپشن نہیں روک سکی۔ دوسری جانب تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چودھری، جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر یاسمین نے پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا کہ حالیہ بجلی کی قیمت میں اضافہ آئی ایم ایف کے کہنے پر کیا گیا، آج لاہور سمیت ملک بھر میں بجلی بلوں میں اضافے کیخلاف پریس کلبوں کے باہر مظاہرے ہوں گے۔ تحریک انصاف بجلی میں ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتی ہے۔