لندن پلان فلاپ، ایک تائب ہوگیا، دوسرا فارغ ہوجائیگا: سعد رفیق
لاہور (آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ لندن پلان فلاپ ہو گیا ہے، قوم نے عمران اور قادری کو مسترد کر دیا‘ایک تو تائب ہو گیا ہے اور دوسرا فارغ ہو جائیگا۔ وہ منگل کو وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری کے دھرنا ختم کرنے کے اعلان پر ردعمل کا اظہار کر رہے تھے۔ خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ عوام نے عمران خان اور علامہ طاہر القادری کو مسترد کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کافی دنوں سے قادری صاحب کے دھرنے کے ختم ہونے کی اطلاعات سامنے آ رہی تھیں جو کہ سچ ثابت ہوئی ہیں۔ دریں اثناء انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے دھرنے کے خاتمے پر کارکنوں کی خوشی فطری ہے، اچھی بات ہے کہ لوگ اپنے گھروں کو لوٹ رہے ہیں جہاں تک طاہر القادری کا تعلق ہے، ان کیلئے شعر ہے کہ ’’یہ اڑی اڑی سی رنگت یہ کھلے کھلے سے گیسو، تیری صبح کہہ رہی ہے تیری رات کا فسانہ‘‘ نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ میں کیوں بتائوں کہ طاہر القادری اور حکومت کے درمیان کیا طے پایا ہے۔ پاکستانیوں نے طاہر القادری کی آواز پر کان نہیں دھرا، 20 کروڑ عوام میں سے چند ہزار کا جتھہ لیکر بیٹھ جائیں تو اس کو پاپولر سیاست نہیں کہیں گے۔ انہوں نے اپنے پیروکاروں کی سیاست کی اور کرتے رہیں گے۔ جب تک تھک نہیں جاتے طاہر القادری کے ساتھ ہمارا رابطہ رہا، ان سے ڈائریکٹ رابطہ رہا جس میں کوئی برائی نہیں۔ میرا کہنا ہے کہ توپ کا لائسنس نہیں مانگنا چاہئے۔ سیاسی جرگے کے کردار کے حوالے سے کہا کہ سراج الحق معصوم آدمی ہیں، سیاسی جماعتوں بشمول جماعت اسلامی نے دھرنے والوں سے مذاکرات کی مخلصانہ کوشش کی ہے جس کو تسلیم کرتے ہیں۔ سراج الحق میرے بھائی اور دوست ہیں، اپوزیشن میں ہونے کی وجہ سے کوئی نہ کوئی بات انہوں نے کہنا ہوتی ہے اس کا برا نہیں مناتے، ویسے بھی جماعت اسلامی کے بارے میں بات کرتے ہمارے پر جلتے ہیں، سیاسی جرگہ کی کوشش کی لیکن بار آور ثابت نہیں ہوسکی۔ اگر میرے اختیار میں ہو تو کوئی دھرنا اور گروہ وفاقی دارالحکومت کا اس طرح گھیرائو نہیں کرے گا جو ریاست کیلئے عذاب بن جائے۔ لوگوں کو نفسیاتی مریض بنانے کی کوشش کی جائے دونوں رہنما جھوٹ بولتے رہے کہ امن قائم رکھیں گے، ریڈ زون میں نہیں جائیں گے۔ ایک بار اعتبار کرتے ہیں بار بار نہیں کرتے۔ دیت یا قصاص کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، تحریک انصاف کے ساتھ کچھ کرنے کی ضرورت نہیں جو کرنا ہے وہ عمران خان نے خود کردینا ہے، کچھ کرچکے باقی بھی کریں گے کوئی غم نہ کرے۔