ترک وفد کی وزیر و سیکرٹری دفاع سے ملاقاتیں‘ اجلاس
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاکستان اور ترکی کے درمیان اعلیٰ سطح کے دفاعی مذاکرات وزارت دفاع میں شروع ہو گئے ہیں۔ ایک سرکاری بیان کے مطابق ترکی کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف جنرل یاسر گلر کی قیادت میں وفد پاکستان کے دورہ پر پہنچا ہے۔ جنرل یاسر گلر نے سیکرٹری دفاع کے ساتھ ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔سیکرٹری دفاع کے ساتھ ملاقات کے بعد وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور ترکی کے ڈپٹی چیف آف جنرل سٹاف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں ہر شعبہ میں تعلقات مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ دونوں ممالک اقوام متحدہ، او آئی سی، ای سی او اور ڈی ایٹ سمیت مختلف عالمی اور علاقائی فورمز پر قریبی تعاون کر رہے ہیں اور افغانستان سے متعلق سہ فریقی عمل میں ترکی کی شمولیت پاکستان کیلئے باعث اطمینان ہے۔