• news

گجرات میں جلسہ کل ہوگا، تحریک انصاف کی موٹر سائیکل ریلی

گجرات (طفیل میر سے) تحریک انصاف کل جمعہ کو گجرات میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کرے گی، جلسے کی تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ عمران کی گجرات آمد پر آتش بازی، ڈھول کی تھاپ پر گھوڑا ڈانس ہو گا، ہزاروں کی تعداد میں کتوبر اور غبارے بھی فضا میں چھوڑے جائیں گے، جلسہ کو کامیاب کروانے کے لیے پی ٹی آئی کی مقامی قیادت گھر گھر جا کر اپنے منشور سے عوام کو آگاہ کررہی ہے۔ اس حوالے سے موٹر سائیکل ریلی نکائی گئی جس میں کثیر تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی، ریلی چوک پاکستان سے شروع ہو کر تمبل چوک، مچھلی چوک، تیمور چوک ودیگر شاہراہوں سے ہوتی ہوئی چوک پاکستان میں اختتام پذیر ہوئی۔ رحمن شہید روڈ، کچہری چوک، سروس موڑ، فوارہ چوک اور مختلف جگہوں پر عمران کے بڑے بورڈ آویزاں کردیئے گئے ہیں، طلبا اور شہریوں نے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوںپر پی ٹی آئی کے سٹکرز اور بینزز لگائے ہیں اور شرٹس پہن لی ہیں۔ ڈی پی اوگجرات رائے اعجازاحمد نے سکیورٹی کے حوالے سے انتظامات بھی چیک کئے۔ ظہورالٰہی سٹیڈیم میں پی ٹی آئی کے کیمپ میں بیرسٹر منصور سرور، تحصیل کوارڈی نیٹر چوہدری سلیم سرور جوڑا، الحاج افضل گوندل، مختار ڈھل، بلال حسین گورسی ایڈووکیٹ، چوہدری زبیر ٹانڈہ، راجہ نعیم نواز دیگر راہنما موجود رہے۔ تحریک انصاف کے صوبائی صدر اعجاز چوہدری نے گجرات کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ بالکل تعاون نہیں کررہی، سکیورٹی فراہم کرنے کی بات تو کرتے ہیں مگر لکھ کر کچھ نہیں دیتے حالانکہ ہم سے تحریری درخواست لکھوائی گئی لیکن جوابا انہیں بھی تحریری معاہدہ دینا چاہئے ابھی تک سکیورٹی کا معاملہ معلق ہے اجازت دیدی ہے لیکن کوئی تعاون نہیں ہو رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن