آج ایبٹ آباد جلسہ‘ کل ہری پور میں دھرنا ہو گا‘ شہدا کے خون سے غداری نہیں کر سکتا: طاہر القادری
اسلام آباد (آن لائن+ ثناء نیوز+ نامہ نگار) عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ کسی سے بھی ڈیل ہوئی ہے نہ ایساہوگا، افواہیں پھیلانے والے خود ڈیل کے تحت زندگی گزاررہے ہیں۔ شہداء کے خون سے غداری کا سوچ بھی نہیں سکتا۔ دھرنے کو ناکام کہنے والوں کو کیا لاہور اور فیصل آباد کے عوام کا جم غفیر نظر نہیں آتا۔ عوامی نقلاب نے قوم کا شعور بیدار کردیا اور قوم نے کرپٹ نظام و حکمرانوں کیخلاف فیصلہ سنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے بدھ کو اسلام آباد سے ایبٹ آباد روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ طاہرالقادری نے کہا کہ ٓاج ایبٹ آباد میں جلسہ اور اگلے دن ہری پور میں دھرنا ہوگا۔پی ٹی آئی کے دھرنے کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوںنے کہا پی ٹی آئی کادھرنا ختم کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ انکا اپنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری منزل انقلاب ہے اور ہم قومی حکومت کے قیام کیلئے کوشاں رہیں گے۔ احتساب اور پھر انتخابی اصلاحات کرانے کے بعد انتخابات میں حصہ لیں گے اور اگر انتخابی اصلاحات کے بغیر بھی انتخابات مسلط کئے گئے تو انتخابات کا میدان لٹیروں، جاگیرداروں، سرمایہ داروں کیلئے کھلا نہیں چھوڑیں گے۔ انتخابی اتحاد کے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں طاہر القادری نے کہا کہ 25 تاریخ کو اتحادی جماعتوں کا اجلاس عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوگا جس میں انتخابی اتحاد کے بارے میں ابتدائی بات چیت ہوگی۔ طاہرالقادری آج کالج گرائونڈ میں جلسہ سے خطاب کریں گے۔ تمام تیاریاں عوامی تحریک نے مکمل کرلیں۔ بازاروں سڑکوں کو بینرز سے سجا دیا گیا۔ عوامی تحریک کے مطابق 10 ہزار کرسیاں لگائی گئی ہیں۔ جلسہ کے باعث ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے تحصیل ایبٹ آباد میں سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کو چھٹی دے دی ہے۔ اسی طرح کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کیلئے 600 پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔دریں اثناء نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ دھرنا ختم کر کے ہم نے ثابت کردیا کہ اپنے فیصلے خود کرتے ہیں، کسی سے پیسے نہیں لئے، تحریک انصاف والوں کو پہلے بتا دیا تھا وہ ناراض نہیں ہیں۔ دھرنا ختم کرنے کیلئے جس نے پیسے دیئے یا لئے دونوں جہنمی ہیں، جو خود بکے ہیں وہ دوسروں پر الزام نہ لگائیں۔ آج بھی شاہ محمود قریشی کا فون آیا تھا وہ ہم سے ناراض نہیں ہیں۔