عوامی تحریک کا دھرنا ختم ہوتے ہی سی ڈی اے عملے نے شاہراہ دستور کی صفائی شروع کر دی
اسلام آباد(آئی این پی ) پاکستان عوامی تحریک کے دھرنے کے ختم ہونے کے بعد سی ڈی عملے نے صفائی کا آغاز کردیا، ملک بھر کے مختلف شہروں سے آئے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے گھروں کی جانب رخ کر لیا۔ سی ڈے اے کے عملے نے کہاہے کہ شاہراہ دستور کومکمل طور پر صاف کرنے میں مہینے سے زائد کا وقت درکار ہو گا۔ اسلام آباد میں گزشتہ رات پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کے دھرنا ختم کرنے کے اعلان کے بعد عوامی تحریک کے کارکنوں نے واپس اپنے گھروں کا رخ کر لیا ۔ کارکنوں کی واپسی کے ساتھ ہی سی ڈی اے کی جانب سے صفائی کا عملہ بھی حرکت میں آگیا اور شاہراہ دستور پہنچ گیا۔ سی ڈے اے کے عملے نے میڈیاکو بتا یا کہ اسلام آباد کے ہر سیکٹرمیں 20 افراد کو بھیجا گیا ہے، دھرنے کے باعث شاہراہ دستور کی مہینے سے زیادہ صفائی نہیں کی گئی، صفائی کا عمل مکمل کرنے میں ایک سے ڈیڑھ ماہ کا وقت لگ سکتا ہے۔