بھارت: سکول میں 3 سالہ بچی سے زیادتی‘ ورثا کا زبردست احتجاج
نئی دہلی (آئی این پی + بی بی سی) بھارت کے شہر بنگلور میں تین سالہ بچی کے ساتھ سکول میں زیادتی کا واقعہ پیش آیا ہے، پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی جبکہ علاقہ مکینوں اور لواحقین نے واقعہ کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔بدھ کو بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس حکام کاکہنا ہے کہ بنگلو ر میں ایک نجی سکول میں زیر تعلیم تین سالہ بچی کو نرسری کلاس میں مبینہ طور پر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ سٹی پولیس کمشنر ایم این ریڈی نے واقعے کی شکایت درج کرانے کے بعد فوری طور پر سکول کا دورہ کیا اور اے سی پی کو واقعے کی فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔بچی کی ماں کا کہنا ہے کہ جب وہ شام کو اپنی بیٹی کو گھر لانے کے لے سکول گئی تو اس کی تین سالہ بیٹی رو رہی تھی۔بچی کے والد ہرپریت سنگھ کا کہنا ہے انکی بچی کو بخار تھا اور اس نے بتایا سکول میں اسے کسی شخص نے زیادتی کا نشانہ بنایا جسے وہ نہیں جانتی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سکول میں نصب سی سی ٹی وی کیمرا کے ذریعے ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے کوشش شروع کردی گئی ہیں۔