مٹھی : غذائی قلت سے مزید 3 بچے جاں بحق زرداری کا نوٹس، منظور وسان کودورہ کرنے کی ہدایت
مٹھی (نوائے وقت رپورٹ+ایجنسیاں) مٹھی میں خوراک کی کمی کا شکار مزید تین بچے دم توڑ گئے، دو روز کے دوران ہلاکتوں کی تعداد پانچ ہو گئی۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق گذشتہ روز گاؤں غلام محمد رند تھرپارکر میں 3 سالہ بچی رخسانہ غذائی قلت کے باعث جاں بحق ہو گئی۔ اس کے علاوہ دو بچے سول ہسپتال مٹھی میں چل بسے۔ تھرپارکر کے دور دراز علاقوں سے خوراک کی کمی کا شکار 37 بچوں کو علاج معالجہ کیلئے سول ہسپتال مٹھی لایا گیا جبکہ زیرعلاج تین بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ مزیدبرآں آن لائن کے مطابق سابق صدر آصف زرداری نے تھرپارکر میں قحط سالی کا نوٹس لیتے ہوئے صوبائی وزیر منظور وسان کو تھر کا دورہ کرنے اور امدادی سرگرمیوں سے متعلق رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ منظور وسان تھر کا دورہ کرکے قحط سالی کے علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کا جائزہ لے کر سابق صدر کو رپورٹ پیش کریں گے۔