ایم کیو ایم کے سندھ کی تقسیم کے مطالبہ کیخلاف آج صوبے میں پہیہ جام ہڑتال کی جائیگی، ایاز پلیجو
حیدر آباد (آئی این پی) قومی عوامی تحریک کے صدر ایاز لطیف پلیجو نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے سندھ کی تقسیم کے مطالبے کے خلاف آج سندھ بھر میں پہیہ جام اور شٹر ڈائون ہڑتال کی جائے گی‘ جب تک 6 کروڑ سندھی زندہ ہیں اس وقت تک سندھ کو کوئی تقسیم نہیں کرسکتا‘ سندھ کی تمام سیاسی اور قوم پرست جماعتوں نے گذشتہ دو دہائیوں سے کوشش کی ہے کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ٹکرائو سے بچا جائے، ہر چھ ماہ بعد ایم کیو ایم علیحدہ صوبے کا مطالبہ کرکے سندھ کی وحدت پر سوالیہ نشان لگا دیتی ہے پاکستان پہلے ہی بحرانوں کا شکار ہے ایسے وقت میں سندھ میں نئے صوبے کی بات کرکے ٹکرائو کی صورتحال پیدا کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔ وہ پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ ایاز لطیف پلیجو کا کہنا تھا کہ سندھ کی تمام سیاسی اور قوم پرست جماعتوں نے گذشتہ دو دہائیوں سے کوشش کی ہے کہ ایم کیو ایم کے ساتھ ٹکرائو سے بچا جائے تاکہ صوبے میں امن و امان کو یقینی بنایا جاسکے۔ ایم کیو ایم کی قیادت تحریک انصاف اور پیپلز پارٹی کی جانب سے کراچی میں ہونے والے جلسوں سے خائف ہے، مخالف سیاسی جماعتوں کا مقابلہ سیاسی انداز میں کرنے کے بجائے سندھ کی وحدت کے خلاف باتیں کی جاتی ہیں تاکہ توجہ کو دوسری طرف کیا جاسکے، سندھ کو اپنی ماں اور پاکستان کو اپنا وطن سمجھتے ہیں۔