تفتیشی افسر عدالتی نظام کا حلیہ بگاڑرہے ہیں، یہ قابل قبول نہیں: ہائیکورٹ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ تفتیشی افسر عدالتی نظام کا حلیہ بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں جو قابل برداشت نہیں۔ عدالت نے پولیس کے تفتیشی افسر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ تفتیش تو کرتے نہیں جس سے پیسے مل جائیں وہ بے گناہ اور جس سے نہ ملیں وہ قصور وار قرارپایا جاتا ہے آپ جوڈیشل سسٹم کا حلیہ بگاڑنے کی کوشش کررہے ہیں جوقابل برداشت نہیں۔ روازنہ دو،چار افسروں کے خلاف کارروائی ہو تو پھرحالات بہتر ہوں گے۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس قاسم خان نے یہ ریمارکس موبائل چوری کرنے والے والے ملزم ضیغم کی درخواست ضمانت کی سماعت کے دوران دیئے۔ درخواست گذار نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیارکیا کہ پولیس نے موبائل چوری کا جھوٹا اور بے بنیاد مقدمہ درج کرکے جیل بھجوا دیا حالانکہ اس حوالے سے پولیس کے پاس کوئی ثبوت موجود نہیں۔ عدالت نے ملزم کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دیدیا۔