• news

سرحدی کشیدگی: پاکستان‘ ایران انٹیلی جنس شیئرنگ‘ فوجی روابط بڑھانے پر متفق

تہران (نوائے وقت رپورٹ + نیٹ نیوز) پاکستان اور ایران مستقبل میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے افواج کے درمیان رابطے اور انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ بڑھانے پر متفق ہوگئے۔ اس حوالے سے دونوں ممالک کے سرحدی حکام کا اہم اجلاس تہران میں  ہوا جس میں آئی جی ایف سی بلوچستان میجر جنرل اعجاز شاہد اور ایرانی سرحدی فورس کے سربراہ جنرل قاسم رضائی نے شرکت کی۔ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے ترجمان خان واسع نے بتایا کہ اس اجلاس میں گزشتہ دنوں پاکستان، ایران سرحد پر رونما ہونے والے واقعات پر بات کی گئی اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ آئندہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے دونوں ممالک کی فورسز کے درمیان رابطہ بڑھایا جائے گا۔ اجلاس میں انٹیلی جنس معلومات بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا اور یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ دونوں ممالک کسی بھی قسم کی کشیدگی کے متحمل نہیں ہو سکتیلہٰذا سرحدوں کی کشیدہ صورتحال کو ختم کرنے کیلئے ہر ممکن کوششیں کرنی چاہئیں۔ ایف سی ذرائع کے مطابق اجلاس میں یہ فیصلہ ہوا کہ دونوں ممالک کیلئے دہشت گردی کیخلاف لڑنا اب ناگزیر ہے۔ دوسری جانب بلوچستان کے ہوم سیکرٹری اکبر حسین درانی نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ پاکستان اور ایران کے مشترکہ سرحدی کمیشن کا اجلاس 9 اور 10نومبر کو تہران میں ہوگا۔ واضح رہے گزشتہ دنوں عسکریت پسندوں نے پاکستان، ایران سرحد کے ساتھ ساتھ ایرانی سرحدی چوکیوں پر حملے کئے تھے۔ ایران نے گزشتہ ہفتے پاکستان کو دھمکی دی تھی کہ پاکستانی حکومت نے اپنی سرزمین کو شدت پسندوں سے محفوظ بنانے کیلئے انکے خلاف کارروائی نہ کی تو ایران پاکستانی علاقے میں خود کارروائی کریگا۔ اس دھمکی کے اگلے ہی روز ایرانی سکیورٹی اہلکاروں نے مبینہ طور پر پاکستانی علاقے میں گھس کر ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کی جس سے ایک پاکستانی افسر شہید ہو گیا تھا جبکہ جوابی فائرنگ میں ایران کے دو سرحدی محافظ بھی ہلاک ہوئے۔ بی بی سی کے مطابق ایف سی کے ترجمان نے بتایا کہ ملاقات میں دونوں کمانڈروں نے پاک ایران سرحد پررونما ہونیوالے حالیہ واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی فورسزکے درمیان مصدقہ حقائق پرمبنی اطلاعات اور انٹیلی جنس کے تبادلے پربھی غور کیا۔ دونوں کمانڈروں نے پاک ایران بارڈر کی نگرانی کو فعال بنانے اور باہمی تعاون پر زور دیا۔ بیان کے مطابق انسپیکٹر جنرل فرنٹیئر کور میجر جنرل محمد اعجاز شاہد نے کہا کہ خطے میں پائیدار امن کیلئے دونوں ممالک کی فورسز کا تعاون ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں پا کستان ہر قسم کی دہشت گر دی، مسلح جارحیت اور شدت پسندی کی سختی سے مذمت کر تا ہے وہیں ہمسایہ ممالک کے ساتھ بہترتعلقات کا خواہاں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ دونوں ممالک کی سکیورٹی فورسز ’جوائنٹ میکانیزم‘ مشترکہ طریقہ کار کے تحت پاک ایران سرحدکی بہتر طور پر نگرانی کیلئے ٹھوس اقدامات اْٹھائیں۔

ای پیپر-دی نیشن