طاہر القادری نے انقلاب کے نام کو بھی بدنام کر دیا: فضل الرحمن خلیل
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) انصارالامہ پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہا ہے کہ بیرونی آقائوں سے ڈیل کرکے آنے والے ملکی آقائوں سے ڈیل کرکے چلتے بنے۔ طاہر القادری نے انقلاب کے نام کو بھی بدنام کردیا۔ ملک وقوم کا معاشی، سیاسی اور مذہبی نقصان کرنے پر ان کا احتساب ہونا چاہئے۔ طاہرالقادری نے اپنے دھرنے میں ایک مرتبہ بھی اسلامی انقلاب کا نام لینا گوارہ نہیں کیا۔ کشمیرکی آزادی کی تحریک کی حمایت جاری رکھیں گے، دنیا بتائے کہ ملالہ کوکن خفیہ خدمات کے عوض نوبل انعام دیاگیا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ملک کے معروف صحافیوں، کالم نگاروں، تجزیہ کاروں و ایڈیٹرز حضرات کے اعزاز میں دئیے گئے عشائیہ میںگفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انصارالامہ کے مرکزی رہنما مولانا محمد فاروق کشمیری، مفتی عبدالقیوم و دیگر بھی موجود تھے۔ مولانا فضل الرحمن خلیل نے کہاکہ میڈیاکی وجہ سے دھرنوں کی دنیا آباد تھی، دھرنے میں طاہرالقادری نے امریکہ بھارت اور اسرائیل کا نام تک نہیں لیا۔ امریکہ اور اس کے حواری پاکستان میں بھی مشرق وسطیٰ جیسے حالات پیدا کرنا چاہتے ہیں۔ امریکہ صرف عالم اسلام کو کمزورکرنا چاہتا ہے جس کا ادراک مسلم حکمرانوں کو نہیں ہے، نائن الیون سے پہلے صرف افغان طالبان تھے اب پاکستانی طالبان ، پنجابی طالبان، عرب طالبان ، برطانوی اور امریکی طالبان پیداکردئیے گئے ہیں۔