آبی و سولر پاور منصوبوں پر عوام، کاروباری طبقہ کو اعتماد میں لیا جائے: پیاف
لاہور (کامرس رپورٹر)پیاف نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آبی اور سولر منصوبوں پر کام کی رفتار سے کاروباری طبقہ اور عوام کو آگاہی کا بندوبست کیا جائے کیونکہ آئیندہ کی سرمایہ کاری اور کاروباری پروگراموں کا انحصار بجلی اور گیس کی فراہمی کے حکومتی منصوبوں پر ہوگا ۔ان خیالات کا اظہارپیاف کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے صنعتکاروں کے ایک اجلاس سے خطاب میں کیا ۔صنعتوں کو گیس نہ ملنے کی شکایات پر پیاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی قلت نے ملکی صنعت اور سرمایہ کاری کے آج اور آنے والے کل کو مخدوش و ناقابل بھروسہ بنا رکھا ہے ۔ بزنس کمیونٹی میں مایوسی و نا امیدی پیدا ہو رہی ہے ۔پیاف کے چیئرمین نے کہا کہ سابقہ حکومت نے بجلی کی پیداوار بڑھانے اور صنعتوں کو رواں دواں رکھنے کے لیے اپنی پوری مدت کے دوران کسی منصوبہ پرکام شروع نہیں کرایا ۔ گاہے گاہے بھاشا ڈیم کا نام لیا جاتا رہا جبکہ اس سے قبل مشرف حکومت بھی اسی ڈیم کے افتتاح کا ڈرامہ رچا چکی تھی ۔ کالا با غ ڈیم کے سود مند ترین منصوبہ کو سابقہ حکومت نے ہمیشہ کے لیے سرد خانے میں ڈال دیا ۔ پیاف کے چیئرمین نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف کی حکومت نے آتے ہی نندی پور پاور پراجیکٹ پر کام شروع کرایا ۔جلد بجلی ملنے کے دعوے بھی ہوتے رہے ۔نیلم جہلم کی گرد جھاڑی گئی ۔