• news

سٹاک مارکیٹوں سے مندے کے بادل چھٹ گئے، سرمایہ کاری میں72 ارب82 کروڑ سے زائد اضافہ

کراچی+ لاہور (کامرس رپورٹرز)کراچی سٹاک ایکسچینج میں کئی روز سے چھائے مندی کے بادل چھٹ گئے۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو زبردست تیزی رہی اور کے ایس ای 100انڈیکس کی29700,29800اور 29,900کی نفسیاتی حدیں بیک وقت بحال ہوگئیں ۔ سرمایہ کاری مالیت میں72ارب82کروڑ روپے سے زائدکا اضافہ ،کاروباری حجم گذشتہ روز کی نسبت19.96 فیصد زائد جبکہ50.07 فیصد حصص کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیاگیا۔ حکومتی مالیاتی اداروں، مقامی بروکریج ہاؤسز سمیت دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے  سیمنٹ، بینکنگ ، توانائی  اورآٹو موبائل سیکٹر میں  خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس30025پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا۔ ماہرین سٹاک  کے مطابق اسلام آباد میں پاکستان عوامی تحریک کا دھرنا ختم کرنے کا اعلان اور سپریم کورٹ کی جانب او جی ڈی سی ایل کے حصص کی فروخت کی اجازت کی وجہ سے بدھ کو سرمایہ کار مارکیٹ میں سرگرم نظر آئے اور بڑے پیمانے پر حصص کی خریداری کی ہے، جس کے مارکیٹ پر مثبت اثرات مرتب ہوئے ہیں۔ مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100انڈیکس 246.12 پوائنٹس اضافے سے 29940.39 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر391کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ، جن میں سے 231کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں اضافہ ، 140کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ20کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں72ارب 82 کروڑ 59 لاکھ 49ہزار 106روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا  جبکہ سرمایہ کار کی مجموعی مالیت بڑھ  کر 69 کھرب 79ارب 78کروڑ7لاکھ 77ہزار 886 روپے ہوگئی ۔بدھ کو مجموعی طور پر کاروباری سرگرمیاں 17 کروڑ 25 لاکھ 33 ہزار 120شیئرز رہیں جو گذشتہ روز کے مقابلے میں2کروڑ 87لاکھ 15 ہزار 850 شیئرز زائد ہیں۔لاہور سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روزتیز ی کارجحان رہا - مجموعی طور پر 112 کمپنیوں کے حصص میں کاروبارہوا۔26 کمپنیوں کے حصص میں اضافہ۔ 13 کمپنیوں کے حصص میں کمی۔ جبکہ73کمپنیوں کے حصص میں استحکام رہا ۔  ایل ایس ای 25 انڈیکس 4.00 پوائینٹس کے اضافہ کے ساتھ5285.86پر بندہوا ۔ مارکیٹ میںکل22لاکھ8 ہزار400حصص کا کاروبار ہو ا ۔  جبکہ گزشتہ روز9لاکھ21ہزار600 حصص کا لین دین ہوا تھا ۔

ای پیپر-دی نیشن