سونامی آج گجرات پہنچے گا‘ بادشاہوں کے بچے جدوجہد نہیں کر سکتے : عمران خان
اسلام آباد، گجرات (آئی این پی + آن لائن + طفیل میر سے) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان نئی سوچ کا نام ہے‘ نئے پاکستان میںدیکھیں گے کہ کمزور کیلئے کیا کرسکتے ہیں‘ وقت ثابت کرے گا کہ کس صوبے نے معذوروں کی زیادہ خدمت کی‘ نوجوان نسل کو خراب کرنا ہے تو انہیں پیسے دے دو‘ نئے پاکستان میں کمزور اور طاقتور کو برابری کی سطح پر لائیں گے‘ لوگوں کو نئے پاکستان میں حقوق ملیں گے‘ آج تک کسی حکمران نے غریب اور کمزور کے بارے میں نہیں سوچا‘ جمہوریت بادشاہت سے آگے نکل چکی ہے‘ بادشاہوں کے بچے جدوجہد نہیں کرسکتے‘ (آج) سونامی گجرات پہنچے گا۔ وہ دھرنے میں شریک خصوصی افراد سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا اب ہم کمزور اور طاقتور کو برابر کی سطح پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جانوروں کے معاشرے میں کمزور کی طرف نہیں دیکھا جاتا لیکن نئے پاکستان میں ہر اس طبقے کی خدمت کریںگے جنہیں پرانے پاکستان نے کچل کر رکھ دیا ہے۔ آج مجھے ان سپیشل افراد سے مل کر بہت خوشی ہوئی ہے کیونکہ یہ بھی تبدیلی چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچ چکا ہے۔ ہم نے ووٹ لینے کیلئے ان سپیشل افراد کو یہاں نہیں بلایا بلکہ آپ لوگوں کو یہ بتایا ہے کہ آپ کے پاس ووٹ کی سب سے بڑی طاقت ہے۔ اس کے ذریعے آپ نے ان لوگوں کو سامنے لانا ہے جو آپ کے حقوق کا خیال رکھے اور قدرتی نگاہ سے دیکھے۔ نئے پاکستان میں صرف جدوجہد کرنے والا ہی آگے آئے گا۔ عوام کے پاس ووٹ کی طاقت ہے اس سے جسے چاہیں رد کردیں اور جسے چاہیں ایوان میں پہنچا دیں۔ عمران خان کی تقریر کے دوران گونگے بہرے افراد کیلئے ایک شخص ہاتھ کے اشاروں سے عمران کی تقریر کا ترجمہ کرتا رہا۔ عمران نے خود بھی ہاتھ کے اشاروں سے بات کی۔ دریں اثناءدھرنوں کے مستقبل کا لائحہ عمل طے کرنے کےلئے تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس کل ہفتہ کو بنی گالہ میں ہوگا۔ ذرائع کے مطابق طاہر القادری کی جانب سے دھرنے کے خاتمے کے بعد کی صورت حال پر غور کیا جائے گا اور محرم الحرام کے دوران دھرنوں کے حوالے سے لائحہ عمل بھی طے کیا جائے گا۔دریں اثناءتحریک انصاف آج گجرات میں عوامی طاقت کا مظاہرہ کریگی۔ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بعد تحریک انصاف کے مقامی رہنما¶ں کی جانب سے بھرپور تیاریاں جاری ہیں۔ سلیم سرور جوڑا کی نگرانی میں انتظامات کئے جا رہے ہیں۔ مرکزی قیادت کی جانب سے واضح کر دیا گیا ہے کہ قومی و صوبائی اسمبلی کے 10ٹکٹ ہولڈر چودھری سلےم سرور جوڑا، الیاس چودھری، راجہ نعیم نواز، بلال گورسی، ناصر چھپر وغیرہ ہی انکے ساتھ پویلےن پر بنائے گئے سٹےج پر موجود رہیں گے جبکہ دوسرے پویلین پر بنائے گئے سٹےج پر صوبائی اور مقامی عہدیداران بھی موجود ہونگے۔ جلسہ کے انتظامات کےلئے ڈی پی او گجرات رائے اعجاز، ڈی سی او گجرات لیاقت علی چٹھہ کی پی ٹی آئی رہنماﺅں سے باقاعدہ میٹنگ ہوئی جس میں 24 نکات پر مشتمل معاہدہ طے پایا جلسہ میں سارے عمل کی نگرانی ڈی سی او، ڈی پی او کرینگے۔ بیس ہزار سے زائد افراد کیلئے کرسیوں کا انتظام کیا جائے گا۔ جلسہ گاہ میں دو سٹیج بنائے جائیں گے جن میں سے ایک سٹیج مرکزی قائدین اور دوسرا دیگر رہنماﺅں کیلئے ہوگا۔
عمران/ جلسہ