• news

استعفوں کی تصدیق : سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے ارکان کو 29 اکتوبر کیلئے حتمی نوٹس جاری کر دیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی نے تحریک انصاف کے تمام مستعفی ارکان کے استعفوں کی تصدیق کے لئے انہیں بدھ 29 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے اپنے دفتر میں طلب کرلیا ہے۔ حتمی نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مستعفی ارکان 29 اکتوبر کو سپیکرز چیمبر میں سردار ایاز صادق سے ملاقات کریں۔ اگر مستعفی رکن اس روز ملاقات کے لئے نہیں آئے تو یہ باور کیا جائے گا کہ مذکورہ رکن استعفیٰ کے تصدیق کے قانونی اور شفاف طریقہ کار سے گزرنے کے خواہاں نہیں ہیں۔ سپیکر عدم حاضری کی صورت میں استعفیٰ کے تصدیق کی قانونی تصدیق نہیں کرسکیں گے۔ الیکشن کمشن کو اس بارے میں آگاہ کردیا جائے گا۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 25 استعفے ملے تھے۔ شاہ محمود قریشی نے 3 ستمبر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر ان سے کہا گیا تھا کہ وہ استعفوں کی تصدیق کے لئے سپیکر سے ان کے دفتر میں ملاقات کریں۔ تاہم وہ اپنے ممبران کے ہمراہ ملاقات کے بغیر چلے گئے۔ قواعد کے تحت ضروری ہے کہ سپیکر قومی اسمبلی استعفیٰ کی تصدیق کریں۔ جبکہ تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل نے ایک خط کے ذریعے کہا کہ تمام ممبران کو بیک وقت بلایا جائے۔ شاہ محمود قریشی کے اس خط کی روشنی میں اب بظاہر مستعفی ارکان کو ایک ہی روز بلایا جارہا ہے تاہم استعفوں کی تصدیق انفرادی طور پر ہی ہوگی۔

حتمی نوٹس

ای پیپر-دی نیشن