• news

پولیو خاتمے کیلئے کرکٹرز بھی پیش پیش‘خوشیاں ہر بچے کا حق ہیں:مصباح الحق

دبئی (سپورٹس ڈیسک )پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق کا کہنا ہے کہ تمام والدین کا فرض ہے کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلائیں تاکہ پاکستان سے پولیو کو مکمل طور پر ختم کرنے میں مدد ملے۔ گزشتہ روز دنیا بھر میں پولیو کے خاتمے کا دن منایا گیا اور اس مہم میں کرکٹرز ہمیشہ پیش پیش رہے ہیں، جسے یونیسیف، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن اور روٹری نے ستائش کی نظر سے دیکھا ہے۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کہا کہ بحیثیت سپورٹس مین وہ یہ بات محسوس کرتے ہیں کہ وہ کھیل کے میدان میں اپنی زندگی سے خوب لطف اندوز ہوئے ہیں اور اس دنیا میں آنے والے ہر بچے کا یہ حق ہے کہ وہ کھیل کود میں بھرپور طریقے سے حصہ لے اور اس سے لطف اندوز ہو۔مصباح الحق نے کہا کہ وہ پوری پاکستانی ٹیم کی طرف سے تمام والدین سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ پولیو کے خطرناک اثرات کو سمجھنے کی کوشش کریں اور فوراً اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں۔

ای پیپر-دی نیشن