• news

بائیو میٹرک سسٹم کے تحت بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے تیار ہیں: پرویز خٹک

اسلام آباد(اے این این) وزیر اعلیٰ خیبر پی کے  پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی اتحادی حکومت نے تبدیلی کا چیلنج قبول کیا، اب اسے پایہ تکمیل تک پہنچایا جارہا ہے اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ کرپشن کیخلاف سخت اقدامات اور سرکاری مشینری میں زیادہ سے زیادہ شفافیت لانے کے ثمرات ظاہر ہونا شروع ہو گئے ہیں، انکی بدولت نہ صرف صوبے کے عوام بلکہ بین الاقوامی برادری اور امدادی اداروں کا اعتماد بھی صوبائی حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں پر بحال ہو گیا ہے۔ اُنہوں نے اُمید ظاہر کی کہ ان دوست ممالک کے تعاون، حکومت کے سیاسی اخلاص اور مشترکہ دانشمندانہ کوششوں کی بدولت غیر ملکی امداد کیلئے سٹرٹیجک ڈویلپمنٹ پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت وضع کر دہ پالیسی کے آٹھ اہداف پوری کامیابی سے حاصل کر لئے جائیں گے۔ وہ اسلام آباد میں سٹرٹیجک ڈویلپمنٹ پارٹنر شپ فریم ورک کے تحت تیسری ڈونرز کانفرنس سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے جس میں 22 امدادی اداروں کے سربراہوں و نمائندوں اور متعلقہ ممالک کے سفراء نے شرکت کی۔ مزید برآں نوائے وقت نیوز کے مطابق پرویز خٹک نے کہا ہے کہ وفاق 57 ارب روپے دبا کر بیٹھا ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ 10 کروڑ مکعب فٹ گیس صنعت کو دی ہے جو مل نہیں رہی اسکے خلاف سپریم کورٹ جائونگا۔ 1992ء سے بجلی پر منافع 6 ارب تک محدود ہے۔ غیر ملکی مندوبین سے ملنے اسلام آباد آتا ہوں وزیراعظم 6 ماہ ملک سے باہر رہتے ہیں کوئی تنقید نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال پورا بجٹ استعمال کیا گیا۔ وفاق پانی کے منصوبوں میں رکاوٹ بن رہا ہے۔ خوشی ہے بہتر قانون سازی سے خیبر پی کے کو بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کہا بلدیاتی انتخابات کرانے کیلئے پوری طرح تیار ہیں۔ بائیو میٹرک سسٹم کے ذریعے بلدیاتی انتخابات کرانا چاہتے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن