• news

متحدہ خورشید شاہ کے بیان کیخلاف آج ملک بھر میں یوم سیاہ منائے گی

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) ایم کیو ایم نے آج خورشید شاہ کے بیان کیخلاف یوم سیاہ منانے کا اعلان کر دیا۔ رابطہ کمیٹی کے رکن عبدالحسیب نے نائن زیرو پر پریس کانفرنس کے دوران کہا 17 اکتوبر 2014ءپاکستان کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ 17 اکتوبر کو خورشید شاہ نے لفظ مہاجر کو گالی قرار دیا اور مہاجر قوم کی تذلیل کی۔ خورشید شاہ کے بیان پر امت مسلمہ میں غصہ ہے۔ ملک بھر میں ایم کیو ایم اپنا احتجاج ریکارڈ کرا رہی ہے۔ انہوں نے کہا خورشید شاہ شریعت اور قوم کے مجرم ہیں، ایم کیو ایم آج پورے پاکستان میں یوم سیاہ منائے گی تاکہ مستقبل میں کسی کو مہاجروں کی گستاخی کی جرا¿ت نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ مفتیان کرام نے خورشید شاہ کے بیان کے حوالے سے فتوے دئیے ہیں، ہم نے اپنا کیس عدالت میں دائر کروایا، اب عدالت ہی فیصلہ کریگی۔ دریں اثناءایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے یوم سیاہ کے حوالے سے رابطہ کمیٹی کے فیصلے کی توثیق کر دی۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ یوم سیاہ کی اپیل پر مجبور ہوں۔ خورشید شاہ نے لفظ مہاجر کو گالی قرار دیکر شان رسالت میں توہین کی۔ ٹرانسپورٹرز اور تاجر برادری سے کاروبار بند کرنے کی اپیل ہے۔ سب کے عقیدے کا احترام ہونا چاہئے۔ اپنے دائرے میں رہتے ہوئے شائستگی کے ساتھ یوم سیاہ منائیں۔ تذلیل نہ کی جائے، خاموشی اختیار کرنے والی جماعتوں نے منافقت سے کام لیا۔ ادھر رات گئے نائن زیرو پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یوم سیاہ پر آج شاہراہ قائدین اور شاہراہ فیصل کے سنگم پر سہ پہر 3 بجے احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ سندھ کے چھوٹے بڑے شہروں میں بھی مظاہرے ہونگے۔
یوم سیاہ

ای پیپر-دی نیشن