انصاف کے بغیر معاشرہ ترقی کر سکتا ہے نہ سلطنت قائم رہ سکتی ہے، چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ
ڈیرہ اسماعیل خان (آئی این پی) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس مظہرعالم خان میانخیل نے کہا ہے کہ میرا ایمان ہے کہ انصاف کے بغیر نہ ہی معاشرہ ترقی کر سکتا ہے نہ کوئی سلطنت قائم رہ سکتی ہے‘ انصاف کی بالا دستی یقینی بنانے کےلئے بنچ اور بار کاکردار انتہائی اہم ہے ‘پاکستان میں عدلیہ نے نہ صرف انصاف کی بالادستی کو یقینی بنایا بلکہ ہر نازک موقع پر عدلیہ نے اپنا کردار احسن طریقے سے ادا کیا ہے‘ہماری کوشش ہے کہ ہرشہری کوانصاف اسکی دہلیز پر ملے۔ وہ ڈسٹرکٹ بارایسوسی ایشن ڈیرہ اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی تقریب حلف برداری اور لقمان لاء کالج کی جانب سے منعقدہ تقریبات سے خطاب کر رہے تھے۔ چیف جسٹس نے کہا ڈیرہ اسما عیل خان کے وکلاء نے انصاف کی بالا دستی کو یقینی بنانے کے لئے ہمیشہ اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھلائے انصاف کے ساتھ ساتھ اس علاقہ کا نام بھی روشن کیا۔ آج کادن میری زندگی کا یادگار دن ہے کیونکہ میں نے جس سرزمین پراپنے کیرئیرکاآغازکیا تھا آج اسی سرزمین پر میں ان ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح یا تکمیل کررہاہوں جن سے آنیوالی نسلوں کومستقبل میں بیحد فائدہ ہوگا، عدلیہ خصوصی طورپرمیڈیاکی مشکور ہے۔ میڈیا ملک کاچوتھا ستون ہے، میڈیا کو بھی ریاست کومضبوط بنانے میں اپناکردارادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ بار کے صدر اختر حسین قریشی ایڈووکیٹ اور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری محمد یوسف ایڈوکیٹ کے سپاسنامہ کے جواب میں ہائیکورٹ بنچ ڈیرہ کے توسیع کی منظوری دی۔
چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ