ایران: رحم کی اپیل مسترد، ریحانہ جباری کو قتل کے جرم میں پھانسی دیدی گئی
تہران(اے ایف پی)ایران کی ایک عدالت کے حکم پر قتل کے جرم میں قید ریحانہ جباری کو پھانسی دے دی گئی۔ غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے اپیلوں کے باوجود قتل کے جرم میں ریحانہ جباری کو سزائے موت دے دی ۔ ریحانہ جباری کا موقف رہا تھا کہ انہوں نے جنسی استحصال کی کوشش کرنے پر اپنے دفاع میں قتل کیا۔ 26سالہ ریحانہ جباری کو 2007ء میں ایرانی انٹلیجنس کے سابق اہلکار مرتضیٰ عبدل علی سر بندی کے قتل کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ حقوق انسانی کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹر نیشنل نے پھانسی دیئے جانے پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا ہے ریحانہ جباری کو ناقص تحقیقات کی بنا پر قصور وار ٹھہرایا گیا۔ ریحانہ کی سزائے موت پر عمل درآمد روکنے کے لئے سماجی ویب سائٹ فیس بک اور ٹوئٹر پر گزشتہ ماہ سے مہم چلائی جا رہی تھی اور بظاہر ان کی پھانسی کو عارضی طور پر ملتوی بھی کیا گیا تھا۔ تا ہم ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ایسنا کے مطابق ریحانہ جباری کو پھانسی دے دی گئی ہے۔ کیونکہ ان کے رشتہ دار متاثرہ خاندان سے معافی حاصل نہیں کر سکے۔