پرویز الٰہی سے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ہضم نہیں ہورہی: رانا ثنا
لاہور(خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) پنجاب کے سینئر رہنما رانا ثناءاللہ خان نے کہا ہے پرویز الٰہی سے مسلم لیگ (ن) کی کامیابی ہضم نہیں ہو رہی۔ اپنی کارکردگی پر اس قدر بھروسہ ہے تو انہیں 2018ءکا انتظار کرنا چاہئے اور عام انتخابات میں جمہوری انداز میں مقابلے پر آنا چاہئے۔ عوام جس کے حق میں فیصلہ دیں گے وہ سب کے سامنے آ جائیگا، مناظرے کی باتیں کر کے موجودہ حکومت کی کارکردگی کو کم نہیں کیا جا سکتا۔ عوام نے 5سال کا مینڈیٹ دیا ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو احترام کرنا ہو گا۔ چودھری برادران کا دور اقتدار کسی قابل ہوتا تو عوام عام انتخابات میں انکا یہ حشر نہ کرتے۔ انہیں عوامی سلوک کو یاد رکھنا چاہیے اور مناظرے کی باتیں کر کے عوام کو گمراہ کرنے سے باز رہنا چاہئے۔ انہوں نے کہا موجودہ حکومت کی شاندار کارکردگی سب پر واضح ہے لیکن مخالفت برائے مخالفت کی پالیسی اپنانے والے آئے دن پرانے راگ دوبارہ الاپنا شروع ہو جاتے ہیں۔ مناظرے مسالک میں ہوتے ہیں سیاست میں نہیں، پرویز الٰہی کو اپنے دوراقتدار کی یاد ستاتی ہے جس کی واپسی کا اب دوردور تک کوئی امکان نہیں۔ عمران خان نئی نسل کو بگاڑ رہے ہیں، انکا یہ کہنا پیسے ختم ہو گئے تو میں اکیلا ہی خیمے میں بیٹھ جاﺅں گا، یہ کونسی سیاست ہے؟ یہ تو پاگل پن ہے۔
رانا ثناءاللہ