• news

عزم و ہمت کی نئی مثال‘ 4 نابینا بھائیوں نے سانگھڑ میں پانی سے محروم افراد کیلئے ذاتی خرچ سے 100 نلکے لگوا دیئے

سانگھڑ (آئی این پی) آنکھوں کی روشنی سے محروم 4 نابینا بھائیوں نے کروڑوں آنکھوں والوں کیلئے عزم و ہمت کی نئی مثال قائم  کر دی، سندھ  کے پانی سے محروم ہزاروں افراد کیلئے ان کے گھروں کے پاس پانی کے 100 نلکے لگوا دیئے۔ حیدر آباد سے تعلق رکھنے والے 4 نابینا بھائیوں نے ان میڈیا رپورٹس پر کہ ضلع سانگھڑ کے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے، خواتین کو میلوں دور سے پانی بھر کر لانا پڑتا ہے، اپنے وسائل سے 5 لاکھ روپے خرچ کر کے لوگوں کے گھروں کے آس پاس 60 نئے نلکے اور  خراب پڑے ہوئے 40 کے قریب پرانے نلکوں کی مکمل مرمت کرا کر انہیں چالو کرا دیا۔ علاقے کی خواتین اور لوگوں نے نابینا بھائیوں کی اس کاوش پر ان کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ چاروں بھائیوں نے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہم نے یہ سب کچھ اپنی ذاتی جیب سے کیا ہے، ہم نے اس علاقے میں کئی بند پڑے ہوئے کنوئیں بھی کھدائی کروا کر چالو کروائے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن